جے ڈی ایس کے سات اراکین اسمبلی کی سونیا گاندھی سے ملاقات
03:36PM Thu 17 Aug, 2017
اسمبلی انتخابات کے موقعہ پر ٹکٹ دینے کی یقین دہائی
بنگلور( بھٹکلیس نیوز):۔ جے ڈی ایس کے سات باغی اراکین اسمبلی نے آج نئی دہلی میں کانگریس کی صدر محترمہ سونیا گاندھی اور نائب صدر راھل گاندھی سے ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت کا اظہار کیا۔ان تمام اراکین اسمبلی کو سونیا گاندھی نے پارٹی میں شامل کرنے کے ساتھ ہی اگلے اسمبلی انتخابات میں ان کے حلقوں سے ہی پارٹی کا ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا۔ اس یقین دہائی کے موقعہ پر تمام اراکین اسمبلی نے خوشی کا اظہار کیا۔ان تمام اراکین اسمبلی کی نمائندگی چامراج پیٹ اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر ضمیر احمد خان نے کی تھی۔ اس موقعہ پر انہوں نے نامہ نگاروں کوبتایاکہ وہ اور ان کے ساتھی چھ اراکین اسمبلی نے کانگریس میں شامل ہونے کے تعلق سے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور پردیش کانگریس کے صدر ڈاکٹر جی پرمیشور سے کئی مرتبہ ملاقات کی تھی۔ دونوں نے پارٹی میں شامل کرالینے اور ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا تھا پھر بھی پارٹی اعلیٰ کمان سے ملاقات کرانے کی مانگ کی جارہی تھی۔آج ملاقات کا وقت مقررہوا ۔ سوینا گاندھی اور راھل گاندھی نے پارٹی میں شامل ہونے کی منظوری دیدی ہے اور تمام اراکین اسمبلی نے اگلے اسمبلی انتخابات کے لئے ٹکٹ دینے کی ہی واحد شرط رکھی ہے اس کے علاوہ دوسری کوئی شرط نہیں رکھی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر کے ماہ میں بنگلور پیالس میدان میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کرکے سونیا گاندھی اور راھل گاندھی کو دعو ت دی جائے گی اور ان کی عزت افزائی کرنے کے ساتھ ہی تمام اراکین اسمبلی کانگریس میں شامل ہونے کا عالان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سات اراکین اسمبلی کے علاوہ دیگر اراکین اسمبلی بھی کانگریس میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ جے ڈی ایس میں صرف دیوے گوڈا اور ان کے خاندان کا قبضہ ہے اس لئے کئی اراکین اسمبلی کو آگے بڑھنے کا موقعہ نہیں مل رہا ہے اس لئے کانگریس میں شام ہونا چاہتے ہیں۔