منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے رابرٹ واڈرا ، چھوڑنے کیلئے پرینکا گاندھی بھی آئی تھیں

01:35PM Wed 6 Feb, 2019

منی لانڈرنگ کیس کے ایک معاملہ میں رابرٹ واڈرا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) کے دفتر پہنچے ہیں ۔ یہاں ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔ رابرٹ واڈرا کو ای ڈی کے دفتر چھوڑنے کیلئے پرینکا گاندھی بھی گئی تھیں۔ حالانکہ پرینکا رابرٹ کو ای ڈی دفتر چھوڑنے کے بعد واپس چلی گئیں۔ ذرائع کے مطابق رابرٹ واڈرا سے 40 سوالات پوچھے جارہے ہیں ۔ گزشتہ ہفتہ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے پٹیالہ ہاوس کورٹ میں عرضی داخل کی تھی ، جہاں سے انہیں 16 فروری تک کیلئے عبوری ضمانت مل گئی تھی ۔
 رابرٹ واڈرا نے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ انہیں جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے اور جھوٹے مقدے چلائے جارہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب سیاست پر مبنی ہے ۔ واڈرا نے کہا تھا کہ وہ قانون پر عمل کرنے والے شہری ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ یہ معاملہ لندن کے 12 براینسٹن اسکوائر میں واقع 19 لاکھ پاونڈ ( تقریبا 17 کروڑ روپے ) کی ایک پراپرٹی کی خریداری میں مبینہ طور پر منی لانڈرنگ سے جڑا ہوا ہے۔ ای ڈی کا دعوی ہے کہ اس جائیداد کے اصل مالک واڈرا ہیں ۔ منی لانڈرنگ کیس کے تحت ای ڈی منوج اروڑہ سے بھی پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ فی الحال منوج اروڑہ کی گرفتاری پر پٹیالہ ہاوس کورٹ نے چھ فروری تک کی عبوری روک لگا رکھی ہے۔