نثار رکن الدین صاحب اپنے گھر منتقل ؛ حملہ کو تجارتی دشمنی قرار دی
04:52PM Sun 27 Oct, 2013
نثار رکن الدین صاحب اپنے گھر منتقل ؛ حملہ کو تجارتی دشمنی قرار دی
بھٹکلیس نیوز / 27 اکتوبر، 13
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) آج دوپہر میونسپالٹی کی عمارت میں واقع بھٹکل کے سماجی کارکن جناب نثار رکن الدین صاحب پر حملہ کرنے کی واردات پیش آئی تھی ، اور نثار صاحب کو بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں ابتدائی علاج کے بعد کنداپور روانہ کیا گیا تھا ۔ اب جناب نثار صاحب ضروری علاج کے بعد اپنے گھر منتقل ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے پولس کو دئے گئے اپنے بیان میں اس حملہ کو تجارتی دشمنی قرار دیا اور کہا کہ اس عمارت میں اور مین روڈ کے اڑوس پڑوس میں کئی زیروکس اور پرنٹنگ وغیرہ کی دکانیں ہیں لیکن میری دکانوں میں اچھا خاصا کاروبار ہونے کی بناء پر لوگ مجھ سے جلتے ہیں اور یہ حملہ بھی اسی کا نتیجہ ہوسکتا ہے ۔ موصوف نے اس موقع پر آج کے حملہ کی نوعیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میری ہیپلنگ ایسوسی ایشن کی سکریٹری موہنی نائک اپنی آفس میں بیٹھے ایسوسی ایشن کا حساب کتاب کر رہے تھے کہ اچانک دوپہر 03:30 بجے سات آدمیوں کا ایک گروپ میری آفس میں گھس آیا اور مجھے باہر بلا کر میرا کالر پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے لے گیا اور اوپر سے نیچے گرانے کی کوشش کی لیکن پولس کے ایک دو اہلکاروں نے اس وقت میری مدد کی ۔ انہوں نے اپنے ساتھ بیٹھی لڑکی کے سلسلہ میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ وہ دوسال قبل میری آفس میں کام کرتی تھی اور اس کے بعد وہ اپنی اعلیٰ تعلیم کے لئے کام چھوڑ کر چلی گئی تھی اس دوران میں اس نے میرے پاس اپنے پیسے گروی رکھے ہوئے تھے جس کو وہ ضرورت پڑنے پر آکر لے جاتی تھی ۔ علاوہ ازیں وہ میری ہیلپنگ ایسوسی ایشن کی سکریٹری ہونے کے ناطے ہر ہفتہ یا کبھی دو ہفتہ میں ایک بار میرے پاس آتی اور حساب کتاب کرکے چلی جاتی ۔ آج بھی وہ اور میں حساب کر رہے تھے کہ یہ واردات پیش آئی ۔ انہوں نے اپنی آفس میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں تمام چیزوں کے قید ہونے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ میری آفس کے باہر سی سی ٹی وی لگا ہوا ہے اور اس میں تمام حملہ آوروں کی ویڈیو ریکارڈ ہوگئی ہے پولس اس کو دیکھ کر اپنی اگلی کارروائی انجام دے سکتی ہے ۔
مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داروں کی طرف سے نثار صاحب کی عیادت : اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے عہدیداران میں سے جنرل سکریٹری جناب محی الدین الطاف کھروری صاحب ، جناب پرویز ایس ایم صاحب ، جناب عبدالرقیب ایم جے صاحب اور دیگر عہدیداران نے ان کے گھر پہنچ کر عیادت کی ۔