نوٹ نہیں وزیراعظم کو بدلیں: کیجروال کا نوٹوں کی منسوخی پر وزیر اعظم مودی پر حملہ تیز

04:05PM Mon 21 Nov, 2016

نئی دہلی۔ نوٹوں کی منسوخی کی پالیسی پر وزیراعظم نریندر مودی پر اپنے حملے تیز تر کرتے ہوئے دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے آج عوام پر زور دیا کہ وہ پرانے نوٹ بدلنے کے بجائے وزیراعظم کو بدلیں۔ وزیراعلی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’نوٹ نہیں پی ایم بدلو‘ عام آدمی پارٹی کے کنوینر نے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی کے نتیجہ میں ای کامرس ویب سائٹ ’پے ٹی ایم‘ کا جس کے اشتہار میں وزیراعظم نظر آ رہے ہیں، کاروبار بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بتائیں کہ اس بزنس سائٹ کے ساتھ ان کا کیا تعلق ہے۔ کیجریوال نے ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا کہ نوٹ بندی سے پی ٹی ایم کے دھندے میں زبردست بڑھوتری۔ مودی جی بتائیں کہ ان میں اور پے ٹی ایم میں کیا سمندھ (رشتہ) ہے۔ دہلی کے وزیراعلی اور مغربی بنگال کی ان کی ہم منصب ممتا بنرجی نے یہاں آزاد پور مارکیٹ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کو 17 نومبر کو نوٹوں کی منسوخی کے فیصلہ کو واپس لینے کے لئے تین دن کا وقت دیا تھا۔ اس درمیان محترمہ بنرجی نے آج کہا کہ وہ آئندہ دنوں میں اس معاملہ میں دہلی کی سڑکوں پر احتجاج کریں گی۔