جامعہ رحمانیہ میں بخاری شریف کی شاندار تقریب درس پر مولانا حبیب اللہ قاسمی کا خطاب
02:32PM Mon 1 May, 2017
قرآن وحدیث کا قابل تلقین سبق آپسی بھائی چارہ اور مساوات !
سہارنپور ۔(بھٹکلیس نیوز) گزشتہ روز ضلع کے اہم اسلامی تعلیمی مرکزجامعہ رحمانیہ للبنات میں بخاری شریف کا قابل تلقین اور قابل فخرافتتاحیپروگروم عمل میں آیا جسمیں بخاری شریف کا درس مکمل ہوا اس روحانی تقریب کی صدارت جامعہ کے صدر حافظ نانکوی نے کی، بخاری شریف کا پہلا درس جامعہ کاشف العلوم کے شیخ الحدیث مولانا حبیب اللہ قاسمی نے دیا، نظامت کے فرائض جامعہ کے ناظم واستاذ حدیث مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی نے انجام دئیے ، قاری مطیع الرحمن قاسمی کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا، جامعہ کی متعلمہ صادقہ اکرام نے نعت پاک پیش کی ۔مولانا حبیب اللہ قاسمی نے کہا امام بخاری نے کتاب بخاری کو بڑے اہتمام سے لکھا ، ہر حدیث کیلئے وضو کیا کرتے ، نئے کپڑے پہنتے ، خوشبو لگاتے، لہٰذا طالبات واساتذہ کو بھی اس کا بہت زیادہ ادب واحترام کرنا چاہئے، مولانا نے امام مالک کے واقعہ کا بھی ذکر کیا ، اور بتایا کہ بخاری شریف میں سب سے پہلے جو حدیث ذکر کی گئی ہے کہ اعمال کا دارو مدار نیتوں پر ہے وہ اسی لئے ذکر کی گئی تاکہ ہر پڑھنے پڑھانے والا اپنی نیت درست کرلے ، دنیا کمانا یا نام کمانا اس کی نیت نہ ہو، اور فرمایا کہ اخیر تک ہر سبق میں اس حدیث کا استحضار رہنا چاہئے ، قرآن وحدیث کا سبق اور علم ہمیں آپس میں پیار و محبت، انسانیت اور مساوات کا درس دیتا ہے، ہمیں اپنے دیگر مذاہب کے ماننے والے بھائیوں کے ساتھ بھی اچھا سلوک کرنا چاہئے ۔ جامعہ کے استاذ حدیث مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی نے کہا طالبات جو بخاری پڑھیں گی ، بہت ہی قابل مبارکباد ہیں ، ان کے والدین بھی قابل مبارکبادہیں ، علو م حدیث کا حاصل کرنا بخاری کا پڑھنا یہ محض اللہ کے فضل وکرم کی بات ہے، ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس جانب بہت زیادہ توجہ دلائی کہ تعلیم تمام مسلمانوں کو حاصل کرنی چاہئیں، اور ہم اس کا تجربہ بھی کررہے ہیں کہ جو قومیں تعلیم یافتہ ہیں، وہ ترقی کی راہو ں پر گامزن ہیں، اور جو تعلیم سے دور ہیں وہ بھٹک رہی ہیں، موجودہ حالات ہمیں چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں اعلی تعلیم حاصل کرو ۔اس دور میں جینا ہے تو رات دن پڑھ کر اچھے نمبرات حاصل کرو ! جامعہ کے شیخ الحدیث مولانا گلفام قاسمی نے علوم قرآن وحدیث پر روشنی ڈالی، پروگرام کو مولانا خالد ندوی ناظم ادارہ عائشہ للبنات نے بھی خطاب کیا ، مولانا سرورعالم قاسمی نے کہا کہ حدیث میں ہے کہ جس نے چالیس احادیث حفظ یاد کیں وہ جنت کا مستحق ہوگیا ، نیز جن طالبات نے امتحانات میں اول دوم سوم پوزیشن حاصل کی ہے ان کو انعامات سے نوازاگیا ، اویشا نے پورے مدرسہ میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کئے ، پوزیشن لانی والی طالبات عائشہ ، شمع، ہما ، صائمہ ، اویشا وغیرہ ہیں ، اخیر میں جامعہ کے صدر حافظ جمیل نانکوی نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کو اللہ نے موقع دیا ہے اس کو غنیمت سمجھیں، اور خوب محنت سے تعلیم حاصل کریں ، حضرت ہی کی دعاء پر پروگرام کا اختتام ہوا ، پروگرام میں مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی ، مولانا خالد ندوی ، مولانا مصطفی مظاہری، قاری مطیع الرحمن قاسمی، قاری محمد اعظم رحمانی، مولانا محمد گلفام قاسمی ، قاری زبیر عالم، قاری عثمان سعادتی ، قاری برہان ، ندیم اصغر ، قاری نثار ، عبد الماجد، ماسٹر فرمان، ماسٹر زبیر ، محمد گلزار، و ادارہ کی تمام طالبات ومعلمات اور علاقہ سے آئی مستورات نے شرکت کی ۔