قرض کی معافی کے معاملے میں کسانوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں: پٹا راجو
03:55PM Fri 14 Sep, 2018
منڈیا:14؍ستمبر (سالارنیوز) کوآپریٹیو اور قومیائی گئی بینکوں کے قرض کے ساتھ پرائیویٹ قرضوں کو بھی معاف کرنے کے لئے حکومت تیار ہے۔ اس معاملے میں کسانوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے چھوٹی آبپاشی سی ایس پٹا راجو نے کہی۔ انہوں نے یہاں ساتنور پرائمری اگریکلچر کوآپریٹیو سوسائٹی کے زیر اہتمام تعمیر کردہ کسانوں کے کوآپریٹیو مارکیٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے مسلسل جدوجہد کرتی آرہی ہے، کسانوں کے مسائل حل کرنے میں لگے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے اب تک تقریباً 48 ہزار کروڑ روپئے کے قرض معاف کردےئے ہیں۔پٹا راجو نے کہا کہ ضلع کی مجموعی ترقی کیلئے حال ہی میں وزیر اعلیٰ نے ضلع کے اراکین اسمبلی اور اعلیٰ افسروں کا اجلاس طلب کر کے تبادلہ خیال کیا ہے۔ منڈیا حلقہ کے رکن اسمبلی ایم سرینواس نے بھی منڈیا کی ترقی کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ بات چیت کی ہے اور کئی اہم معلومات فراہم کی ہیں۔منڈیا ضلع پنچایت میٹنگ ہال میں ترقی کاجائزہ اجلاس بھی منعقد کیا گیا تھا اور ضلع کے تمام اراکین اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کر کے ضروری مشورے پیش کئے ہیں۔ محکمہ آبپاشی اور محکمہ توانائی کے افسروں کو واضح ہدایت دی گئی ہے اور کسانوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔اس موقع پر رکن اسمبلی ایم سرینواس، کے سریش گوڈا، تعلقہ پنچایت صدر شائلیجا، سابق وزیر ایم ایس آتما نند اور دیگر موجود تھے۔