ہر ایک کو چھت فراہم کریں: جی ٹی دیوے گوڈا
12:26PM Thu 19 Jul, 2018
میسور:18؍جولائی (سالارنیوز) ہر ایک شخص کو چھت اور ہر دیہات کو شمشان گھاٹ کیلئے زمین فراہم کرنے سرکاری افسر پوری ایمانداری کے ساتھ کام کریں۔ یہ ہدایت ریاستی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم جی ٹی دیوے گوڈا نے دی۔انہوں نے یہاں شہر کے سینٹ بھون میں چامنڈیشوری اسمبلی حلقہ کی مجموعی ترقی کے سلسلے میں تعلقہ اور ضلعی سطح کے افسروں کا اجلاس طلب کیا۔ اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چامنڈیشوری حلقہ کے ہر شخص کا اپنا ایک مکان ہونا چاہئے۔ جس کو گھر نہیں ہے ایسے افراد کی نشاندہی کر کے انہیں سائٹ منظور کی جائے اور مکان تعمیر کر کے دیا جائے۔دیہات میں دولتمند اور درمیانی طبقہ کے لوگ تمام سہولتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں مگر غریب اور پچھڑے ہوئے لوگ ان سہولتوں سے محروم ہیں۔ایسے لوگوں کی نشاندہی کر کے سرکاری سہولتیں ان تک پہنچانے کا کام کرنا ہوگا۔وزیر موصوف نے کہا کہ ہر دیہات میں شمشان گھاٹ ہونا چاہئے اس کیلئے سرکاری زمین کی نشاندہی اور اس کی حصار بندی کر کے بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ اس کیلئے فنڈ ڈپٹی کمشنر فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گرام پنچایتوں کے پی ڈی اوز، سرویئرس اور ولیج اکاؤنٹنٹس آپسی تال میل قائم کر کے کام کریں گے دیہاتوں کی مجموعی ترقی ممکن ہوسکتی ہے۔ہر پیر کوگرام پنچایت دفتر میں پی ڈی او، سرویس اور ولیج اکاؤنٹنٹس کو لازمی طور پر حاضر ہونا ہوگا۔اس گاؤں کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ محکمہ پولیس کے تعلق سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ سیاجی راؤ روڈ پر بیاری کیئر لگا کر روڈ کو ڈیوائیڈ کیا گیا ہے جو غیر تکنیکی ہے اورمیسور کی خوبصورتی کو دھکا پہنچ رہا ہے۔ اسے فوری نکال دیا جانا چاہئے۔ ہلمیٹ نہ پہننے والوں کو پکڑنے کے چکر میں عوام کو تکلیف دی جارہی ہے اور کالج کی طالبات کو پکڑ کر گھنٹوں سڑک پر روکے رکھا جارہا ہے اور جرمانہ ادا کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ اس طرح کی کارروائی روکنی ہوگی۔ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ابھی رام جی شنکر، ضلع پنچایت سی ای او پی شیو شنکر، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت سنگھ، ڈی پی وشنو وردھن، ڈاکٹر وکرم آمٹے اور دیگرموجود تھے۔