جامعہ اردو علی گڑھ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمداپنے عہدے سے مستعفی

09:01AM Sat 18 Jun, 2016

میں نے محض ذاتی مصروفیات کے سبب ڈائرکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے: ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ17؍جون:جامعہ اردو علی گڑھ کے اعزازی ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمدنے جامعہ اردو کے ڈائرکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ انہوں نے اپنی چند ذاتی مصروفیات کے باعث جامعہ اردو علی گڑھ کے ڈائرکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اردو علی گڑھ میں ڈائرکٹر کے عہدے پر قائم رہتے ہوئے انہیں جامعہ اردو کی انتظامیہ اور اسٹاف سے مکمل تعاون اور پیار ملا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ اردو علی گڑھ ملک میں فاصلاتی تعلیم کا اولین ادارہ ہے اور انہوں نے ادارہ کے ڈائرکٹر کے عہدے کو محض اس لئے قبول کیا تھا تاکہ وہ جامعہ اردو علی گڑھ کے معیارِ تعلیم میں اضافہ کرکے اردو میڈیم سے حاشیہ پر کھڑے لوگوں کی تعلیمی ضروریات کی تکمیل میں معاونت کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے جامعہ کے ڈائرکٹر کے عہدے پر رہتے ہوئے جامعہ میں جدید تعلیمی ضروریات کے پیشِ نظرمثبت اقدامات کئے لیکن اب اپنی ذاتی مصروفیات انہیں اجازت نہیں دیتیں کہ وہ جامعہ کو اپنا مزید وقت دے سکیں اس لئے انہوں نے اس عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی وہ اردو زبان کے فروغ کی خاطرجامعہ اردو علی گڑھ کے لئے حاضر رہیں گے۔ واضح ہوکہ ڈاکٹر جسیم محمد گزشتہ چار سال سے جامعہ اردو علی گڑھ کے اعزازی ڈائرکٹر تھے اور ان کے دور میں جامعہ اردو علی گڑھ نے نہ صرف اپنے نصاب کے معیار کو بلند کیا بلکہ امتحانات میں بھی بڑے پیمانے پر شفافیت لائی گئی۔ اس کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں سے جامعہ اردو علی گڑھ کے سرٹیفکیٹ اور اسناد کو مساویت بھی حاصل ہوئی۔