جنرل راوت نے پونچھ میں شہید فوجی اورنگ زیب کے اہل خانہ سے ملاقات کی

12:17PM Mon 18 Jun, 2018

جموں۔  فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے پیر کے روز جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کا دورہ کر کے شہید فوجی اہلکار اورنگ زیب کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ دفاعی ذرائع نے بتایا ’جنرل راوت نے اورنگزیب کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے شہید  فوجی جوان کو خراج عقیدت پیش کیا‘۔ اورنگزیب کو جنگجوؤں نے 14 جون کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں اغوا کیا تھا۔ اس کی گولیوں سے چھلنی لاش رات دیر گئے گوسو نامی گاؤں سے برآمد ہوئی تھی۔ 4 جیک لی سے وابستہ اورنگزیب شوپیان میں قائم 44 آر آر کے کیمپ میں تعینات تھا۔ وہ مبینہ طور پر حزب المجاہدین کے کمانڈر سمیر ٹائیگر کو مارنے والے میجر شکلا کا پرسنل گارڈ تھا۔اورنگزیب کو 14 جون کی صبح اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ ایک نجی گاڑی کے ذریعہ شادی مرگ پلوامہ سے شوپیان کی طرف جارہا تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ پلوامہ کے شادی مرگ میں قائم فوج کی 44 آر آر کے کچھ اہلکاروں نے پیشے سے فارماسسٹ فاروق احمد ساکنہ کدلہ بل پانپور کی نجی گاڑی کو روک لیا تھا۔ فوجی اہلکاروں نے گاڑی کے ڈرائیور (فاروق احمد) سے کہا تھا کہ وہ اورنگزیب کو شوپیان پہنچائے۔ تاہم جوں ہی یہ گاڑی کلام پورہ پہنچی تھی تو وہاں کچھ بندوق برداروں نے فاروق احمد کی پٹائی کرنے کے بعد اورنگزیب کو اغوا کرلیا تھا۔ شادی مرگ کیمپ میں تعینات اورنگزیب عیدالفطر منانے کے لئے پونچھ میں واقع اپنے گھر جا رہا تھا۔