خاکروبوں کو بیرون ملک دورے کی سہولت جلد: آنجنیا
04:41PM Wed 11 Jan, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز) ریاستی وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا نے کہا کہ حکومت خاکروبوں کو بیرون ملک کا دورہ کرنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے، تاکہ وہاں کے صفائی نظام کا جائزہ لے کر وہ ریاست میں صفائی کی مہم کو آگے بڑھاسکیں۔ آج صفائی کرمچاری کمیشن کی طرف سے وکاس سودھا میں منعقدہ صفائی کرمچاریوں کی تقویتی کارگاہ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں کچرے کی نکاسی اور صفائی کیلئے جو جدید ترین سہولیات دستیاب ہیں ان کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کیلئے ان کارکنوں کوبیرون ملک روانہ کیا جارہاہے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ اپنی صحت کی پرواہ کئے بغیر خاکروب شہر اور ریاست بھر کو صاف کرنے کیلئے صبح میدان میں اترتے ہیں ریاستی حکومت چاہتی ہے کہ سماج میں ان لوگوں کو باوقار مرتبہ ملے ، انہوں نے کہا کہ خاکروبوں کو ریاستی حکومت کی طرف سے ہمہ قسم کی سہولیات مہیا کرائی جارہی ہیں۔ انہیں مکان تعمیر کرنے کیلئے 7.5لاکھ روپیوں کا قرضہ مہیا کرایا جارہاہے، کنٹراکٹ کی بنیاد پر تقررات کو منسوخ کرکے انہیں مستقل ملازمت دی جا رہی ہے، اور ان کی تنخواہ راست طور پر بینک کھاتوں میں جمع ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے جو سوچھ بھارت ابھیان شروع کیا ہے خاکروبوں کے بغیر یہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ گاندھی جی کا چشمہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرکے ایک دن سڑک پر اتر کر اگرتھوڑا کچرا صاف کردیا جائے تو اس سے ہندوستان صاف نہیں ہوگا ، بلکہ خاکروبوں کو اگر مناسب سہولیات فراہم کی جائیں تو اسی وقت ہندوستان صاف ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بحیثیت وزیر برائے سماجی بہبود ان کا مقصد یہی ہے کہ سماج کے کمزور ترین طبقات کے مفادات کی حفاظت ہو اور انہیں انصاف دلایا جائے۔ تقریب میں صفائی کرمچاری کمیشن کے چیرمین وینکٹیش اور دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔