وزیر اعظم مودی کا قوم کے نام خطاب : لاک ڈاون نے کورونا پر قابو پایا ، ان لاک میں لاپروائی سے بڑھی تشویش

02:29PM Tue 30 Jun, 2020

وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو چھٹی مرتبہ قوم کے نام خطاب کیا ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اب ہم ان لاک ٹو میں داخل ہورہے ہیں اور ایسے وقت میں داخل ہورہے ہیں جب سردی ، زکام اور بخار کا موسم بھی شروع ہونے والا ہے ۔ ہمیں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ لاک ڈاون نے کورونا سے لوگوں کو بچایا ہے ۔ لیکن اب ان لاک کے ساتھ لاپروائی بھی شروع ہوگئی ہے ۔ اب لاپروائی بڑھ رہی ہے جو تشویش کی وجہ ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت غریبوں کو مفت راشن کی اسکیم کو پانچ مہینے بڑھایا جارہا ہے ۔ اب یہ اسکیم نومبر تک ملک میں لاگو رہے گی ۔ اس اسکیم کے تحت غریبوں کو پانچ کلو مفت گیہوں یا چاول اور ایک کل چنا دیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس اسکیم کو نومبر تک لاگو کرنے میں ۹۰ ہزار کروڑ کا اضافی خرچ آئے گا ۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جب سے یہ اسکیم شروع ہوئی ہے، تب سے نومبر تک اس میں ڈیڑھ لاکھ کروڑ تک کا خرچ آئے گا ۔ بتادیں کہ ملک میں کورونا وائرس کا قہر پھیلنے کے بعد سے وزیر اعظم مودی کا یہ ملک کے نام چھٹا خطاب تھا ۔ گزشتہ مرتبہ وزیر اعظم مودی نے 12 مئی کو قوم کے نام خطاب کیا تھا ، جس میں انہوں نے 20 لاکھ کروڑ روپے کے اقتصادی پیکج کا اعلان کیا تھا ۔ اس سے پہلے 14 اپریل کو وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں لاک ڈاون کے دوسرے مرحلہ کا اعلان کیا تھا ۔
قبل ازیں تین اپریل کو وزیر اعظم مودی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے لوگوں سے دئے جلانے کی اپیل کی تھی ۔ وزیر اعظم مودی نے کورونا وائرس کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈاون کا اعلان کرنے کیلئے 24 مارچ کو قوم سے خطاب کیا تھا ۔ 19 مارچ کو وزیر اعظم مودی نے اس بحران کے بعد اپنے پہلے خطاب میں ملک میں ایک دن کیلئے جنتا کرفیو کا اعلان کیا تھا ۔