پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں نے چھوا آسمان ، ممبئی میں سب سے مہنگا ، دہلی میں بھی ٹوٹا ریکارڈ
10:07AM Sun 20 May, 2018
Share:
نئی دہلی : پٹرول -ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ چار ہفتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اتوار کو پٹرول کی قیمت 76.24 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی وہیں ڈیزل کی قیمت 67.57 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ۔ اس طرح دہلی میں اتوار کو اب تک کا سب سے مہنگا پٹرول فروخت ہوا۔وہیں اگر پورے ملک کی بات کریں تو ممبئی میں پٹرول کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔ یہاں مقامی ٹیکس ملاکر 84.07 روپے لیٹر پٹرول مل رہا ہے۔
پٹرول کی قیمتوں نے دہلی میں مہنگائی کے ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔ اس سے پہلے 14 ستمبر 2013 کو یہاں پٹرول کی قیمت 76.06 روپے تھی ، جو اب تک کی سب سے زیادہ قیمت تھی۔
تیل کمپنیوں کی طرف سے جاری کئے گئے پرائز نوٹیفکیشن کے مطابق دہلی میں اتوار کو پٹرول کی قیمت میں 33 پیسے فی لیٹر کے حساب سے اضافہ ہوا ، جو کہ گزشتہ سال جون میں ڈیلی پرائز رویزن نافذ ہونے کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 26 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔