وادی کے حالات پر راج ناتھ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ، دورہ ادھورا چھوڑ لوٹے ڈوبھال بھی ہوئے شامل

12:20PM Mon 11 Jul, 2016

نئی دہلی۔ جموں و کشمیر کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال بھی موجود تھے۔ بتا دیں کہ ڈوبھال وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بیرون ملک سفر پر تھے، لیکن سفر درمیان میں چھوڑ کر وہ واپس آئے اور اب میٹنگ میں شامل ہوئے۔ اسی درمیان جموں و کشمیر کے حالات پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے فون پر کانگریس صدر سونیا گاندھی اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ سے بات کی۔ سونیا گاندھی نے وادی کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ وہیں وزیر داخلہ کرن ریجیجو کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں مرکزی سیکورٹی فورسز اور ریاستی حکومت مل کر حالات پر قابو پائے ہوئے ہیں۔ فی الحال جموں و کشمیر میں حالات قابو میں ہیں، لیکن کشیدگی اب بھی برقرار ہے۔ مظاہرین اور پولیس کے بیچ ہوئے تصادم میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 23 ہو گئی ہے۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہوئی جھڑپوں میں 200 سے زیادہ جوان زخمی ہوئے ہیں، جن کا الگ الگ جگہوں پر علاج چل رہا ہے جبکہ اننت ناگ میں کل ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں اب بھی کرفیو جاری ہے۔