مسلمانوں کو الگ تھلگ کرنا یا انہیں نیچا دکھانا امریکی اقدار کے خلاف: اوبامہ

04:32AM Thu 19 May, 2016

واشنگٹن۔ امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو الگ تھلگ کرنا یا انہیں نیچا دکھانا امریکی اقدار کے خلاف ہے اور امریکہ ا یسا کرنے سے بنیاد پرستی کے خلاف جنگ میں اپنے ایک اہم اتحادی سے محروم ہوسکتا ہے۔ مسٹر بارک اوباما نے جنہوں نے اب تک صدر کے عہدے کی انتخابی مہم سے اپنی دوری بنا رکھی تھی، مسلمانوں کے بارے میں دوستانہ تبصرہ کرکے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کا نام لئے بغیر ان کا جواب دینے کی کوشش کی ہے۔ مسٹرڈونالڈ ٹرمپ نے صدر اوباما پر یہ کہہ کر براہ راست حملہ کیا تھا کہ خواہ سیاست ہو یا ذاتی زندگی 'جہالت' کہیں بھی کوئي خوبی نہیں ہوا کرتی۔ انہوں نے منگل کے روز ٹویٹر پر کہا کہ یہی وجہ ہے کہ مسٹر اوباما بدترین صدر ثابت ہوئے ہيں۔ مسٹر اوباما نے نیوجرسی روٹگیرس یونیورسٹی میں اتوار کے روز اپنی تقریر میں کہا تھا کہ کسی چیز کو حقائق، ثبوتوں اور سائنسی فکر کے ساتھ سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ یہ وہ خصوصیات ہیں جو پالیسیاں بنانے کے لئے ضروری ہوتی ہيں۔ مسٹر اوباما نے اپنی تقریر میں کسی کا نام نہیں لیا لیکن مسٹر ٹرمپ اور ان کے حامی اسے اپنے خلاف سمجھ کر اس پر نکتہ چینی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مسٹر اوباما امریکہ میں پیدا بھی نہیں ہوئے اور وہ مسلمانوں کے سب سے قریبی ہیں۔