یکساں سول کوڈ معاملہ میں مسلمان جذباتی ہوکر آر ایس ایس کے جال میں نہ پھنسیں: تیستا سیتلواد
04:03PM Sun 23 Apr, 2017
کولکاتہ : یکساں سول کوڈ کے معاملے پر ملک میں جاری بحث و مباحثہ کے درمیان معروف سماجی کارکن تیستا سیتلواد نے آج یہاں کہا کہ مسلمانوں کو اس معاملے پر جذباتیت کا مظاہرہ کرنے کے بجائے سمجھداری ‘ حکمت اور تدبر سے کام لینا چاہئے ورنہ وہ ایس ایس کے بچھائے ہوئے جال میں پھنس سکتے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز (آئی او ایس)کے 30ویں سالگرہ پر کلکتہ میں منعقد دو روزہ سیمینار کے اختتامی سیشن میں حصہ لیتے ہوئے سیتلواڈ نے کہا کہ مسلمانوں کو غیر ضروری ایشوز میں الجھایا جارہا ہے اور مسلمان الجھ بھی رہے ہیں ۔انہوں نے تین طلاق اور یکساں سول کوڈ سے متعلق کہا کہ جب خواتین کیلئے عدالتوں کا دروازہ کھلا ہے تو پھر تین طلاق کا ایشو اتنے شور سے کیوں اٹھایا جارہا ہے ۔
تیستا نے کہا کہ ہندوستان جیسے ملک میں یکساں سول کوڈکا آئیڈیا کا نفاذ غیر ممکن ہے اور یہ کسی بھی صورت میں نہیں ہوسکتا ہے مگر حکومت اور آر ایس ایس کے لوگ اس ایشو اٹھاکر مسلمان بنام ہندو کردیتے ہیں جب کہ حکومت نے آج تک یکساں سول کوڈ کا کوئی ڈرافٹ پیش کرکے نہیں پیش کیاہے ۔انہوں نے مسلمانوں کومشورہ دیا کہ وہ ہرمعاملے کو مسلمان بنام ہندو یا پھر مسلم نظریہ سے دیکھنے کے بجائے ہندوستان کے ایک شہری کے نقطہ نظر سے دیکھیں اور اس اعتبار سے جد و جہد کریں گے تو آر ایس ایس کی پولرائزیشن کی سیاست خود بخود دم توڑ دے گی۔