بجٹ سیشن سے قبل مخلوط حکومت گرجائے گی :سدانند گوڈا
04:06PM Mon 4 Feb, 2019
بنگلورو۔4فروری ( سالار نیوز) ریاستی مخلوط حکومت کے عدم استحکام کے سلسلہ میں بی جے پی قائدین ہر دن نئے نئے اور مختلف بیانات دیتے آرہے ہیں ۔کسی قائد نے کہا کہ کمار سوامی کی زیر قیادت ریاستی حکومت کا گرنا یقینی ہے ، کسی نے کمار سوامی کے بجٹ پیشی پر شکوک وشبہات کااظہار کیا ۔ یعنی بجٹ پیشن کرنے سے پہلے ان کی حکومت گر جائے گی ۔ دوسری طرف کانگریس کی خانہ جنگی ،ناراضی اور عدمِ اطمینان عروج پر ہے ۔ کانگریس کے چند ناراض اراکین اسمبلی سینئر قائدین کے رابطہ میں نہیں آرہے ہیں،چند روپوش ہیں ۔ مرکزی وزیر سدانند گوڈا نے کانگریس کی اندرونی حالت پر تنقید کرتے ہوئے آج کہا کہ ریاستی حکومت زیادہ چل نہیں سکتی ۔ خانہ جنگی اور عدم اطمینان کا ماحول جاری رہا تو حکومت کاگرنا طے ہے ۔ بی جے پی رعیت مورچہ کے صدرلکشمن سودی نے کہا کہ حکومت باقی نہیں رہے گی،کانگریس کے اراکین اسمبلی خود حکومت کو گرادیں گے ۔ کل سابق نائب وزیر اعلیٰ آر اشوک نے بھی شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ وزیر اعلیٰ کمار سوامی بجٹ پیش کریں گے ۔ بنگلورشمال لوک سبھا حلقہ میں انتخابی تیاری کی مناسبت سے ایک ہوٹل میں آج حلقہ کے عہدیدار کارکن اورانتخابی نگراں کار کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ سدانند گوڈا نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ نے مرکزی بجٹ کو انتخابی بجٹ کہتے ہوئے مذاق اڑایاہے۔ اب ہم دیکھیں گے کہ کمار سوامی کس طرح کا بجٹ پیش کرتے ہیں۔ کمار سوامی کے لئے بجٹ پیش نہ کئے جانے کے حالات پیدا کردےئے گئے ہیں۔ ان کا بجٹ پیش کرنا ممکن نظر نہیں آرہا ہے۔
دیوے گوڈا پر تنقید: شمالی لوک سبھا حلقہ میں سابق وزیر اعظم دیوے گوڈا کی امیدواری سے متعلق سدانندا گوڈا نے کہا کہ انتخابی میدان میں ہم پلہ کے ساتھ مقابلہ آرائی اور پنجہ آزمائی کرناچاہئے ۔ مجھے یہ موقع مل رہا ہے ، اس حلقہ میں دیوے گوڈا کے ساتھ مقابلہ میں مجھے کامیابی حاصل ہوگی ۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر حلقہ میں بی جے پی کو خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی ، ان خامیوں کو دور کرتے ہوئے لوک سبھاانتخابات میں جیت درج کروں گا ۔ کمار سوامی پر تنقید کرتے ہوئے سدانند ا گوڈا نے کہا کہ آنند سنگھ پر حملہ کرکے فرار ہونے والے کمپلی کے رکن اسمبلی گنیش کو ڈھونڈنکالنے میں ناکام حکومت کا یہ دعویٰ مضحکہ خیر لگتا ہے ، اسلئے انڈر ورلڈ ڈان روی پجاری کو گرفتار کیا ہے۔ کمار سوامی یہ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے ہی پجاری کو گرفتار کروایا ہے۔ موجودہ صورتحال دیکھ کرلگتا ہے کہ بی جے پی کو عوام کی حفاظت کے تئیں ایک ٹھوس موقف اختیار کرنا ہوگا ۔ اگر کسی وقت کانگریس اراکین اسمبلی کمار سوامی پرناراضی جتاتے ہوئے استعفیٰ دے دیں تو اس وقت موقع ومحل کے اعتبار سے بی جے پی حکومت کی تشکیل کے سلسلہ میں پارٹی ہائی کمان مناسب فیصلہ کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کودوبارہ وزیر اعظم بنانا ہوگا۔ آج نریندر مودی مخالف تمام چور یکجا ہوگئے ہیں ۔ لکشمن نے کہا کہ نریندر مودی کسانوں کے ہمدرد ہیں ، اس کا ثبوت انہوں نے بجٹ میں پیش کیا ہے ۔ کسانوں کے بینک کھاتوں میں سالانہ 6ہزار روپئے مرکزی حکومت معاوضہ رقم جمع کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ کما رسوامی بجٹ پیش کریں گے ۔ ریاستی قانون ساز کونسل کے رکن این روی کمار نے کہا کہ دیوے گوڈا جب سیاست میں داخل ہوئے تو ان کے پاس صرف3.5ایکڑ زمین تھی اور اب 3ہزار ایکڑ زمین کے مالک بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ سدارامیا کو قیمتی واچ، لگژری کار ودیگر قیمتی تحائف کہاں سے مل رہے ہیں ۔ ایسے افراد کوکسانوں کے سلسلہ میں بات کرنے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔