دہلی الیکشن کے بعد کیجریوال اور امت شاہ کی پہلی میٹنگ میں کیا شاہین باغ پر ہوئی بات ؟ وزیر اعلی نے دیا یہ جواب

03:18PM Wed 19 Feb, 2020

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے دوران شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) کی مخالفت میں شاہین باغ میں چل رہے احتجاجی مظاہرے کے معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے ۔ دہلی کے وزیر اعلی کا مسلسل تیسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے کے بعد اروند کیجریوال کی بدھ کے روز وزیر داخلہ شاہ سے یہ پہلی ملاقات تھی ۔ کیجریوال نے بعد میں ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ امت شاہ کے ساتھ ملاقات اچھی رہی ۔ انہوں نے کہا کہ خوشگوار ماحول میں میٹنگ ہوئی ، جس میں ہم نے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں نے اس بات پر رضا مندی ظاہر کی کہ دہلی کی تعمیر وترقی کے لئے مرکز اور ریاستی حکومت کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہم ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ وزیر اعلی نے شاہین باغ کے دھرنے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ امت شاہ کے ساتھ اس مسئلے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کے وزراء ، محکمہ کے سربراہان اور سیکریٹریوں کے ساتھ آج میٹنگ ہوئی ، جس میں گارنٹی کارڈ کو کس طرح سے عمل میں لایا جا سکتا ہے، اس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ متعلقہ محکموں کو ایک ہفتہ کے اندر گارنٹی کارڈ کو کس طرح لاگو کیا جانا ہے ، اس پر منصوبہ مندی کرنے کے لئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔