منٹوسرکل میں’’ سیاسی دخل اندازی سے تعلیمی اقدار پامال ہو رہی ہیں‘‘ بحث و مباحثہ کا انعقاد

04:52PM Thu 26 Jan, 2017

علی گڑھ، (بھٹکلیس نیوز)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایس ٹی ایس ہائی اسکول (منٹوسرکل)میں’’ سیاسی دخل اندازی سے تعلیمی اقدار پامال ہو رہی ہیں‘‘ موضوع پر ایک بحث و مباحثہ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں یونیورسٹی کے سبھی اسکولوں کے طلبأ و طالبات نے حصہ لیا۔ سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول کے طالب علم نشانت بھاردواج نے اپنے خطبہ میں کہا کہ اگر سیاست کی صحیح فہم ہوگی تو اس سے تعلیم کے معیار میں اضافہ ہوگا۔ اسی اسکول کے ایک دیگر طالب علم مظہر نے سیاست کی بڑھتی دخل اندازی سے ہونے والے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کی تکمیل کے لئے تعلیمی اداروں میں غیر ضروری طور پر دخل اندازی کر رہی ہیں۔ گرلس ہائی اسکول کی طالبہ شوانگی اپادھیائے نے کہا کہ سیاست کا کام عوام کی خدمت کرنااور قوانین بنانا ہے جبکہ آج سیاست کی دخل اندازی سے تعلیم کا معیار کافی کم ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کی سیاست سے ہی تعلیمی اقدار پامال ہو رہی ہیں۔ سینئر سیکنڈری اسکول گرلس کی طالبہ نقیبہ نے کہا کہ سیاست کو مثبت طور پر بھی دیکھا جانا چاہئے اسے صرف غلط طریقے سے دیکھاجانا صحیح نہیں ہے کیونکہ تعلیمی اقدار سیاست سے ہی طے پاتی ہیں اور ہر یونیورسٹی میں طلبأ یونین کا ہونااس کی ایک اچھی مثال ہے۔سٹی اسکول کی طالبہ نازیہ معصوم اورمنٹو سرکل کے طالب علم پرشانت راجپوت نے بھی تعلیم میں سیاسی دخل اندازی پرگفتگوکی۔