گؤ کشی کے نام پرحملے برداشت نہیں ڈی جی پی دتّہ نے پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو کانفر س کی

04:04PM Sat 19 Aug, 2017

بنگلور( بھٹکلیس نیوز):۔ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ( ڈی جی پی ) روپ کمار دتّہ نے کہا کہ گنیش کا تہوار اور عید الاضحی قریب ہی ہے اور ریاست میں گؤ کشی کے نام پر حمل بالکل برداشت نہیں کئے جائیں گے او رگؤ کشی کے تحفظ کے نام پر حملہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ریاست کے تمام رینج کے آئی جی پی اور تمام اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں سب سے پہلے امن وامان۔ نظم وضبط کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ قربانی دینا مسلمانوں کا فرض ہے اور اسلامی فریضہ بھی ہے ۔دوسری طرف سپریم کورٹ نے بھی کسی بھی مذہبی معاملات میں مداخلت کرنے سے انکار کیا ہے اورصاف طورپرکہا ہے کہ کسی بھی تنظیم یا شخص کو مذہبی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ دوسری طرف ریاست کے اندر مویشیوں یا گائیوں کے تحفظ کے نام پر حملہ کرنے والے افراد کو فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ پولیس تھانوں میں کسی بھی جانور کو رکھا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے تمام پولیس اہلکاروں کو خبردار کیا کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم پر سختی سے عمل کریں۔ ریاست میں کسی بھی طرح کی کوئی دہشت نہیں پھیلنی چاہےئے۔ انہوں نے کہا کہ گنیش چتورتھی کے نام پر زبردستی چندہ وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا حکم دیا۔ کئی لوگ گنیش مورتیوں کو بٹھانے کے نام پر دکانداروں ۔تاجروں اور راہ گیروں سے زبردستی چندہ وصول کرتے ہیں اس کے علاوہ گھرو ں میں بھی زبردستی گھس کر چندہ وصول کئے جانے کی شکایتیں ملی ہیں۔ اس کی روک تھا کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ زبردستی چندہ وصول کرناقانون کے خلاف ہے ۔اس لئے تمام باتوں اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔