سب انسپکٹر قادر کو قتل کی دھمکی ملزم جگدیش کارنتھ گرفتار اور رہا
03:47PM Sat 30 Sep, 2017
بنگلور(بھٹکلیس نیوز):۔ جنوبی کینرا ضلع پتور پولیس نے ہندوجاگرن ویدیکے کے رکن جگدیش کارنتھ کو گرفتار کرلیا اور پھر ضمانت پر رہا کردیا۔جگدیش کارنتھ کو پولیس نے بنگلور کے کیمپے گوڈا انٹر نیشنل ایر پورٹ سے گرفتار کرکے اسے پتو ر کو لئے جایا گیا اور اسے پولیس حراست میں رکھا گیا تھا۔ جگدیش کارنتھ کے وکیل نے گرفتاری کے تعلق سے جانکاری حاصل کی اور اس کی ضمانت کے لئے ضروری اقدامات کئے۔جگدیش کارنتھ کو پتور کے فرسٹ کلاس جوڈیشیل میجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں میجسٹریٹ نے جگدیش کارنتھ کو چند شرائط کی بنیاد پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ جگدیش کارنتھ نے اس موقعہ پر نامہ نگاروں سے بات کرنے سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ اس نے حال ہی میں ہندوجاگر ویدیکے کے ایک پروگرام کے دوران اعلان کیا تھا کہ اگر پتور پولیس تھانہ کے سب انسپکٹر عبدالقادر نے ہندوجاگرن ویدیکے کے کارکن کے خلاف قانونی کاروائی کی تو اس پر برسر عوام کے سامنے پٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیگا اور آئندہ کوئی بھی پولیس اہلکار تنظیم کے عہدیدارو ں کے خلاف کاروائی کرنے کی ہمت نہیں کرے گا۔ وزیر داخلہ رام لنگا ریڈی نے جنوبی کینراضلع کا دورہ کیا اور اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیکر جگدیش کارنتھ کے خلاف معاملہ درج کرکے قانونی کاروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کے تحت پولیس نے معاملہ درج کرکے کارنتھ کو گرفتار کیا تھا۔