سیکورٹی کے لئے اگر ضروری ہو تو برقع پر پابندی لگائی جانی چاہئے: پرگیہ
11:37AM Wed 1 May, 2019
مدھیہ پردیش کی بھوپال پارلیمانی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے کہا ہے کہ اگر ملک کی سکیورٹی کے لئے برقعے پر بابندی ضروری ہے تو اسے لگانا چاہئے۔ ٹھاکر نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران برقعے پر پابندی کےسلسلے میں تنازعہ پر کہا کہ اگرملک کی سکیورٹی کے لئے یہ ضروری ہے تو اس پر پابندی لگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب سکیورٹی جانچ کے لئے ہوائی اڈے پر برقعہ ہٹانےکے لئے کہا جاتا ہے تو مزاحمت نہیں کی جاتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت میں فیصلہ ملک کے حق میں کرنا چاہئے۔ حکومت کے بجائے خود مسلم طبقے کو برقعے پر پابندی لگانے کافیصلہ کرنا چاہئے۔
سری لنکا میں گزشتہ دنوں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سینکڑوں لوگوں کے مارے جانے کے بعد وہاں کی حکومت نے عوامی مقامات پر چہرہ ڈھکنے پر پابندی لگا دی ہے۔ اس کے بعد شیوسینا نے اپنے پرچے سامنا میں لکھے اداریے میں ہندوستان میں برقعے پر پابندی لگانے کی وکالت کی ہے۔