ڈاکٹر دانش سہیل ڈبلیو ایچ اوکے جینیوا ہیڈکوارٹر پرعالمی نوجوان مندوب کی حیثیت سے مدعو
03:23PM Sat 22 Oct, 2016
علی گڑھ ۔ ڈاکٹر دانش سہیل کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ( ڈبلیو ایچ او) نے اپنے جینیوا میں واقع ہیڈکوارٹر پر عالمی نوجوان مندوب کی حیثیت سے مدعو کیا جہاں انہوں نے ہندوستان کے موجودہ طبی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ڈبلیو ایچ او سے اس میں مزید تعاون کی درخواست کی۔ ڈاکٹر دانش سہیل نے کہا کہ ہندوستان میں پنپنے والے طبی مسائل کے تدارک کے لئے بہتر طریقے تلاش کئے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اے ایم یو کے طلبأ کی تنظیم سوچ بیونڈ دا امجنیشن کے ذریعہ کئے جا رہے کاموں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی ’’سوچ‘‘ اور ڈبلیو ایچ او کے درمیان ایک معاہدہ کیا جائے گا جس کے تحت ملک کے شہریوں کی طبی فلاح کے لئے پروگرام چلائے جائیں گے۔ ڈاکٹر دانش سہیل علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈینٹل کالج سے بی ڈی ایس کی ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ فی الوقت ایمسٹرڈم کے رائل ٹراپیکل انسٹیٹیوٹ سے ماسٹر ان انٹرنیشنل ہیلتھ کا کورس کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ’’ سوچ‘‘ تنظیم کے سکریٹری بھی ہیں۔وہ اے ایم یو اور ’’ سوچ‘‘ کے زیرِ اہتمام منعقدہ نیپال و کشمیر کے ہیلتھ مشن میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔