یلاپور کے اجپّا علاقہ کے تالاب میں ڈوبنے سے تین افراد ہلاک
02:18PM Sun 22 Jan, 2017
بھٹکلیس نیوز / 22 جنوری،2017
یلاپور / (نامہ نگار) یلاپور کے اجّپا ٹینک کے تالاب میں کھیلنے گئی دو طالبات اور ان کو بچانے گیا ایک طالب علم پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے ہیں جن کی شناخت سریتا گوسوامی(13) دیویا راجیش گوسوامی (17)اور سیلوین ساویرا فرنانڈیز (25)کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق سریتا اور دیویا اسکولی طالبات تھیں جو اسکول سے چھٹی ہونے پر تالاب کے پاس کھیلنے کے لئے آئی تھیں۔ حادثاتی طور پر پیر پھسلنے کی وجہ سے یہ دونوں لڑکیاں تالاب میں گر گئیں۔ ان کو تالاب میں ڈوبتاہوا دیکھ کر ان کی مدد کے لئے سالوین ساویرا نامی نوجوان نے بھی چھلانگ لگائی۔لیکن اسے بھی پوری طرح سے تیراکی نہ معلوم ہونے کی بناء پر وہ بھی ان کے ساتھ ڈوب گیا۔
یلاپور پولیس اسٹیشن کے افسران نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا ڈوبنے والے تینوں افراد کی لاشیں باہر نکالیں۔ یلاپور پولس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔