کونسل ہندوستان میں فارسی ادب کی تاریخ پر ایک جامع کتاب ترتیب دے گی : پروفیسر ارتضیٰ کریم
12:30PM Mon 6 Jun, 2016
قومی اردو کونسل میں فارسی ادب پینل کی میٹنگ کا انعقاد
یہ میٹنگ ایک ایسی زبان سے وابستہ ہے جو ہندوستان کی آٹھ سو سالہ تہذیب و ثقافت کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے۔ اس زبان کے بغیر ہندوستان کی مشترکہ تہذیب و ثقافت کا مطالعہ ادھورا ہے۔ فارسی کے بغیر اردو زبان و ادب کی تفہیم اور تدریس مشکل ہے۔ اس کے حل کے لیے کونسل ہندوستان میں فارسی ادب کی تاریخ ترتیب دینا چاہتی ہے۔ یہ کام بہت دنوں سے تشنہ ہے اور یہ اگلے چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اتنے کم وقفے میں فارسی زبان و ادب کے حوالے سے ایک جامع اور مکمل کتاب کی ترتیب آسان کام نہیں ہے اس لحاظ سے یہ کونسل کے لیے فخر کی بات ہوگی۔یہ باتیں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے پینل برائے فارسی زبان و ادب کی منعقدہ میٹنگ میں کہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارا عزم ہے کہ فارسی زبان و ادب کی تاریخ اگلے چھ ماہ میں منظر عام پر آجائے تاکہ ہندوستان میں دوسری زبانوں کے پڑھنے والے کو اس کا خاطر خواہ فائدہ ہو سکے۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر چندر شیکھر نے کہا کہ چھ ماہ کے اندر دوسری میٹنگ کا انعقاد کونسل کی جانب سے ایک مستحسن قدم ہے اور اس کے لیے میں پروفیسر ارتضیٰ کریم کو مبارک باد دیتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پروفیسر موصوف کی طرف سے یہ تجویز کہ ہندوستان میں فارسی ادب کی تاریخ ترتیب دی جائے یہ ایک مثالی کام ہوگا اور ہندوستان میں فارسی ادب کے تعلق سے کیا خدمات رہی اس کی روداد سامنے آجائے گی۔ اس موقع پر پینل کی ممبر پروفیسر آذرمی دخت صفوی نے اس پروجیکٹ کی تفصیلات پر انتہائی مؤثر انداز میں بتائی۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں جو فارسی ادب تخلیق ہوا ہے اس کی ایک جامع تاریخ مرتب کی جائے، اسے تاریخ کے حساب سے ،اصناف کے حساب سے ،ادوار کے حساب سے ،خطوں اور علاقوں کے حساب سے ، شعرا اور نثر نگار کے حساب سے ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ اس بابت ہم لوگوں کو اگلے دس دنوں میں پروپوزل بنا کر کونسل کے حوالے کرنا ہے تاکہ معینہ مدت کار میں اس عظیم کام کو مکمل کیا جا سکے۔
اس میٹنگ میں پروفیسرچندر شیکھر، پروفیسر آذرمی دخت صفوی، پروفیسر طلحہ رضوی برق، پروفیسر شریف حسین قاسمی، پروفیسر وجیہ الدین، پروفیسر عمر کمال الدین، پروفیسر علیم اشرف خان، پروفیسر مظہر آصف،کے علاوہ کونسل کے پرنسپل پبلی کیشن آفیسر ڈاکٹر شمس اقبال، شمع کوثر یزدانی (اسسٹنٹ ڈائرکٹر، اکیڈمک)، جناب فیروز عالم (اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر) بھی شرکت کی۔
(رابطہ عامہ سیل)