تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے للیتا کی حالت انتہائی نازک ، اپولو نے موت کی خبر کی تردید کی ، چنئی میں ہنگامہ
01:02PM Mon 5 Dec, 2016
چنئی : تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے جے للیتا کی حالت انتہائی نازک ہے۔ انہیں لائف سپورٹنگ سسٹم پر رکھا گیا ہے۔ اپولو اسپتال کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی سے متعلق کسی بھی افواہ پر توجہ نہ دیں۔خیال رہے کہ پیر کی شام کو جے للیتا کے انتقال کی کچھ مقامی نیوزچینلوں نے خبر نشر کی تھی ، جس کی اپولواسپتال نے تردید کی ہے۔
ادھر چنئی میں اپولو کے باہر جے للتا حامیوں اور پولیس میں ٹکراو بھی شروع ہوگیا ہے۔ کئی مقامات پر ہنگامہ آرائی کی بھی خبر ہے۔ خیال رہے کہ جے للیتا کافی عرصہ سے بیمار تھیں اور گزشتہ روز ان کو دل کا دورہ پڑا تھا ، جس کے بعد ان کو اپولو میں داخل کرایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ جے للتا قریب دو ماہ سے بیمار چل رہیں تھی۔ 22 ستمبر کو انہیں بخار اور جسم میں پانی کی کمی ہو جانے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اگرچہ آج صبح ہی یہ خبر آئی تھی کہ جے للتا مکمل طور پر صحت مند ہو گئی ہیں اور ایمس کے ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے ان کی جانچ بھی کی ہے۔
جے للتا کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد سے ان کے حامیوں کی بڑی بھیڑ ان کی خبر حاصل کرنے کے لئے ہسپتال کے باہر موجود تھی ۔ 73 دن سے چنئی کے اپولو ہسپتال میں بھرتی جے للتا کی طبیعت بگڑنے کی خبر ملتے ہی ہسپتال کے باہر حامیوں کا ہجوم امڈ پڑا۔ کیا خواتین، کیا بزرگ ہر کوئی اپنی لیڈر کی ایک جھلک حاصل کرنے کے لئے بے تاب دکھا۔ آنکھوں میں آنسوؤں کے سیلاب کے ساتھ کھڑے حامیوں کے ہاتھ کرشمائی لیڈر کی طویل عمر کی دعاؤں کے لئے اٹھ گئے۔