جماعت اسلامی ہند کے سابق سکریٹری اورایس آئی اوکے سابق صدرمحمد اشفاق احمد کا انتقال
12:14PM Sat 20 Oct, 2018
Share:
اورنگ آباد: جماعت اسلامی ہند کے سابق مرکزی سکریٹری تعلیمات اوراسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کے سابق صدر، ماہرتعلیم محمد اشفاق احمد کا آج صبح یہاں حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 68 برس تھی۔ وہ گذشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹیاں ہیں۔ مرحوم اشفاق احمد کی تدفین آج بعد نمازعشاء کالی مسجد شاہ بازارقبرستان میں عمل میں آئے گی۔
اشفاق احمد نے طالب علمی کے زمانے میں ہی جماعت اسلامی ہندکی رکنیت اختیارکرلی تھی۔وہ علاقہ اورنگ آبادکی اسلام پسند طلبہ تحریک سے وابستہ ہو گئے تھے۔ 1982 میں جماعت اسلامی ہند کی تحریک پر جب مختلف طلبہ تنظیمو ں کو ملاکرکل ہند تنظیم ایس آئی او بنی تووہ بھی اس میں شامل ہو گئے اوربعد میں اس کے دوسرے کل ہند صدرمنتخب ہوئے۔
محمد اشفاق احمد کوتعلیمی سرگرمیوں سے خصوصی دلچسپی تھی۔ وہ26سال تک جماعت اسلامی ہند کے شعبہ تعلیمات کے سکریٹری رہے۔ انہوں نے مرکزی مکتبہ اسلامی سے مطبوعہ تمام نصابی کتابوں پرنظر ثانی کی اوران کو نئے انداز سے مرتب کیا۔ وہ الحرا ایجوکیشن اینڈ ویلیفئرسوسائٹی اورنگ آباد کے بانی صدربھی تھے۔ نصابی کتابوں میں اسلام مخالف مواد پران کی گہری نگاہ رہتی تھی۔ انہوں نے پورے ملک کے دورے کئے اور ہزاروں اساتذہ کی اسلامی خطوط پرتربیت کی۔ لوگ انہیں محبت و عقیدت سے مربیِ محترم کہتے تھے۔
جماعت اسلامی ہند کے امیرمولانا سید جلال الدین عمری نے محمد اشفاق احمد کے انتقال کوجماعت کا بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ مولانا عمری نے کہاکہ اشفاق احمد نے نصابی کتابوں کو اسلامی خطوط پرمرتب کرنے میں جس طرح رہنمائی کی وہ قابل تعریف ہے۔ جماعت اسلامی مہاراشٹر کے امیرحلقہ انجینئرتوفیق اسلم خان نے کہا کہ 'مرحوم نے اپنی پوری زندگی اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لئے جماعت اسلامی ہند کی خدمت میں لگا دی۔