لاہور پہنچتے ہی گرفتار ہوں گے نوازشریف ۔ مریم نواز ، ہیلی کاپٹر سے پہنچایا جائے گا جیل
12:20PM Fri 13 Jul, 2018
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی بیٹی مریم کے ساتھ پاکستان واپس لوٹ رہے ہیں ۔ وہ جمعہ کی صبح لندن سے روانہ ہوئے ہیں۔ پاکستان کی نیوز ویب سائٹ 'ڈان' کے مطابق نواز اور مریم لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر شام 6:15 بجے تک پہنچیں گے۔ دونوں اتحاد ایئرویز کی فلائٹ ۔ ای وائی 243 سے ابو ظہبی کے راستے سے آرہے ہیں۔
لندن سے نکلنے سے پہلے مریم نے ٹویٹر پر تصویریں شیئر کیں۔ایک تصویر میں دونوں کلثوم نواز سے وداعی لیتے نظر آ رہے ہیں جو لندن کے ایک اسپتال میں داخل ہیں۔نوزا نے کہا اپنی اہلیہ کو اللہ کے بھروسے چھوڑ کر پاکستان لوٹ رہا ہوں۔
ٹویٹر پر شیئر کی گئی اس تصویر میں نواز شریف اپنی اہلیہ سے وداع لیتے نظر آ رہے ہیں اس دوران ان کے ساتھ بیٹی مریم بھی موجود ہیں اور وہ بھی ماں سے دور جانے کیلئے اپنے آنسوؤں کو نہیں روک پائیں۔
بتادیں کہ نواز اور مریم کو لاہور ایئر پورٹ پہنچتے ہی گرفتار کیا جائے گا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد لے جایا جائے گا۔ جانکاری کے مطابق انہیں اڈیالہ جیل میں رکھا جا سکتا ہے۔ مریم نواز نے اپنے بچوں کیلئے ٹویٹ کیا کہا، "میں نے اپنے بچوں کو کہا ہے کہ اس مشکل حالات میں بہادری سے کام لیں لیکن بچے تو بچے ہیں ۔الوداع کہنا کافی مشکل تھا۔
نواز شریف کی گرفتاری کے مد نظر لاہور اور اسلام آباد میں سخت سکیورٹی کے انتطامات کئے گئے ہیں۔پورے لاہور شہر میں 10،000 پولیس اہلکار تعینات ہیں اور اہم راستوں کو شپنگ کنٹینرس کے ذریعے بلاک کیا گیا ہے ۔واضح ہو کہ شریف کی پارٹی پاکستان مسلم لیگ ۔نواز (پی ایم ایل۔این) نے آج ایئر پورٹ تک مارچ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
قابل غور ہے کہ پناما پیپر لیک کے بعد ان کے خلاف چل رہے بد عنوانی کے تین معاملوں میں ایک (ایون فیلڈ جائیداد معاملہ) میں انہیں کچھ ہی دن پہلے عدالت نے 11 سال قید کی سزا سنائی ہے۔