ایم پی آننت کمار کی دست درازی پر ڈاکٹر برادری چراغ پا؛ ریاست بھر میں کل ہوگا ڈاکٹروں کا احتجاج
10:36AM Fri 6 Jan, 2017
بھٹکلیس نیوز / 06 جنوری، 17
سرسی / (نامہ نگار) اتر کینرا کے بی جے پی ایم پی کے ذریعہ سرسی میں واقع ٹی ایس ایس اسپتال کے ڈاکٹروں پر ہوئے حملہ کے بعد سے مختلف افراد اس کو غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے ایم پی آننت کمار کے خلاف کارروائی کی مانگ کر رہے ہیں۔ اسی مناسبت سے کل ریاست بھر میں ڈاکٹر برادری کی خدمات بند رکھنے کا فیصلہ انڈین یونین آف ڈاکٹر نامی تنظیم نے کیا ہے جس کی بناء پر کل پوری ریاست میں ڈاکٹروں کی خدمات نہ کے برابر رہیں گی۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے بھی اس واقعہ کی کڑی مذمت کرتے ہوئے ایک دن کے لئے ڈاکٹروں کی خدمات کو روکنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے اور ساتھ ہی اس واقعہ کے مجرم کو سخت سے سخت سزا دینے کی بھی مانگ کی ہے تاکہ آئندہ پھر کوئی اس طرح کی ہمت نہ کرسکے۔
اطلاع کے مطابق کل اسپتال، اور طبی اداروں کو بند رکھ کر احتجاجی جلوس نکالا جائے گا اور ریاست بھر میں متعلقہ افسران کو اس کے خلاف میمورنڈم بھی دیا جائے گا ۔