فضائیہ ٹیکنالوجی میں ہندوستان سب سے آگے:سدیشور
03:53PM Tue 17 Feb, 2015
indiaبھٹکلیس نیوز / 17 فروری، 15
بنگلورو/ (ایجنسی) فضائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہندوستان عنقریب عالمی سطح کی قیادت سنبھالے گا۔ یہ بات آج مرکزی وزیر مملکت برائے شہری ہوا بازی جی ایم سدیشور نے کہی۔ آج شہر میں ایرو انڈیا 2015 کے سلسلے میں منعقدہ بین الاقوامی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے حال ہی میں ساری دنیا کو بتادیا ہے کہ فضائی اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں وہ کسی سے پیچھے نہیں۔ ہندوستان نے اپنے دم پر ہلکا جنگی طیارہ ، میزائل اور بغیر آدمی کے اڑنے والے فضائی آلات پوری مہارت سے تیار کرلئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ملک اس شعبے میں عالمی سطح پر سر فہرست رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایرو انڈیا ایر شو نے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنے انتظامات اور مظاہروں کا لوہا منوایا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے میک ان انڈیا کا جو نعرہ دیا گیا ہے، اس بار ایر شو میں اسی نعرہ کو اپنا کر قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو اس بات کیلئے زور دیا جائے گا کہ وہ اپنے آلات کی تیاری سرزمین ہندوستان پر ہی کریں۔ ہندوستان میں جن فضائی آلات کی تیاری ہوگی ان کے عالمی معیارات کو بلند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے دفاع اندر جیت سنگھ نے کہاکہ ہندوستان بہت جلد عالمی سطح پر اپنی ہی ایک منفرد فضائی ٹیکنالوجی کو عام کرنے والا ہے۔ پہلی ہی کوشش میں مریخ پر پہنچنے کی مہم میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرکے ہندوستان نے دنیا کے تمام ممالک پر سبقت حاصل کرلی ہے۔ گزشتہ سال ہندوستانی فوج میں طویل مسافت 2000کلومیٹر تک حملہ کرنے کی طاقت رکھنے والے اگنی 2میزائل کو شامل کیاگیا، امسال اسی ماہ پانچ ہزار کلومیٹر تک کی دوری پر حملہ کرنے کی صلاحیت کے حامل اگنی 5 میزائل کاکامیاب تجربہ کیاگیا۔ اسی طرح ہندوستان کی داخلی ٹیکنالوجی کے استعمال سے تیار شدہ نربھیا میزائل کا کامیاب تجربہ کیاگیا، یہ میزائل دشمن کے راڈار کی نشاندہی کرکے اسے تباہ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر بی ای ایل کے چیرمین ایس کے شرما، ایچ اے ایل کے چیرمین ٹی سورنا راجو ، ایرو انڈیا کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر کے تمل منی اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔