پرائیویٹ حج ٹور آپریٹروں کا کوٹہ ختم ہونا ضروری:روشن بیگ

12:27PM Sun 8 Feb, 2015

بھٹکلیس نیوز/8فروری،15 کنکاپورہ(ایجنسی)سفر حج کی تمنا لے کر بارہا پرائیویٹ ٹور آپریٹرس سے رجوع ہونے والے افراد کو سعادت حج سے محض اس لئے محروم ہونا پڑا ہے کہ ان لوگوں کی طرف سے بھولے بھالے عازمین حج کو دھوکہ دیا جاتا ہے۔ اسی لئے اگر ان پرائیویٹ ایجنسیوں کو دیا جانے والا حج کوٹہ اگر ختم کردیا جائے تو انہیں یقین ہے کہ حج کمیٹی کے ذریعہ سفر حج بیت اﷲ پر جانے والوں کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار آج وزیر برائے اطلاعات ،انفرااسٹرکچر وحج جناب روشن بیگ نے یہاں کی مسجد بلال میں مقامی مسلم رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کرکے انہوں نے یہ گذارش کی ہے کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے کوٹے کو ختم کیاجائے۔ انہوں نے پرائیویٹ ٹور آپریٹروں پر ان کی غلط حرکتوں کیلئے برستے ہوئے یہ لوگ سفر حج وعمرہ کرانے کے نام پر زائرین سے موٹی رقم وصول کرتے ہیں ، اتنی رقم ادا کرنے کے باوجود بھی اکثر اوقات دیکھنے میں آیا ہے کہ مقامات مقدسہ پر ان زائرین کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیا جاتاہے، اور انہیں بہتر سہولیات بھی مہیا نہیں کرائی جاتیں۔ یہاں تک کہ اکثر پرائیویٹ ٹور مالکان بے قصور حاجیوں کو حج وعمرہ کروانے کے بعد جدہ ایرپورٹ پر تنہا چھوڑ کر نکل جاتے ہیں۔ جس کے سبب ان لوگوں کو کئی صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جناب روشن بیگ نے کہا کہ حج کمیٹی کے ذریعہ عمرہ کی خدمات شروع کرنے کا منصوبہ کافی سنجیدگی سے زیر غور ہے۔ انواں نے ریاست کرناٹک میں حج کیمپ کی شروعات اور پہلی بار ایرپورٹ سے باہر کسٹمس ، امیگریشن وغیرہ کی خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ کچھ برس قبل کسٹمس اور امیگریشن حاجیوں کیلئے ایک سنگین مسئلے سے کم نہیں تھا، لیکن جب سے حج کیمپ کی شروعات ہوئی حجاج کی روانگی اور آمد کے مرحلے میں جس طرح کی عمدہ سہولیات مہیا کرائی جارہی ہیں شاید ہی اب بھی ملک کے کسی اور مقام پر ایسی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ اﷲ رب العزت نے انہیں حاجیوں کی خدمت کا جوشرف عطا کیا ہے،اس کیلئے وہ دم آخر تک اس کے مشکور رہیں گے۔ کنکاپورہ میں حجاج کو پاسپورٹ حاصل کرنے میں جو دشواریاں پیش آرہی ہیں اس سلسلے میں مقامی ذمہ داروں کی طرف سے نمائندگی کا جواب دیتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ اس سلسلے میں پاسپورٹ حکام سے وہ خود بات چیت کریں گے اور پاسپورٹ کی فراہمی کے سلسلے میں جو بھی دشواریاں حائل ہیں انہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ رام نگرم ضلع کے مختلف مقامات پر پاسپورٹ میلوں کا اہتمام مقامی رضاکار اداروں کو کروانا چاہئے۔ اس موقع پر مقامی ذمہ دار عمر صاحب نے بتایاکہ کنکاپورہ ٹاؤن کیلئے مزید ایک قبرستان کی شدید ضرورت ہے، اس سلسلے میں مقامی رکن پارلیمان ڈی کے سریش اور رکن اسمبلی وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار سے اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے جناب روشن بیگ سے گذارش کی کہ وہ ان دونوں بھائیوں کو اس بات کیلئے اصرار کریں کہ کنکاپورہ ٹاؤن میں کہیں قبرسان کیلئے اراضی مہیا کرائیں۔ جناب روشن بیگ نے اس سلسلے میں ڈی کے برادران سے تبادلہ خیال کا یقین دلایا۔اس موقع پر مقامی ذمہ داروں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ یہاں زیر تعمیر بلال شادی محل کی تیسری منزل کیلئے مالی تعاون فراہم کیاجائے۔ اس موقع پر کنکاپورہ کے صدر بلدیہ رام چندر، عبدالجبار ،سید سیف اﷲ قاسمی ، خطیب وامام جامع مسجد کنکاپورہ، دلیپ کونسلر ، مقبول ، محمد اسلم پاشاہ، اشرف وغیرہ موجود تھے۔اللہ  تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب محمد مصطفی ﷺ کے نقش قدم پر زندگی گزارنے والا بنائے، آمین۔ ع،ح،خ