ملک کے دستور کو خطرہ لاحق:ڈاکٹر منظور عالم

04:12PM Mon 10 Jul, 2017

دستور بچاؤ ملک بناؤ عنوان پر دہلی میں کنونشن بنگلور:(بھٹکلیس نیوز) آل انڈیا ملی کونسل کے زیر اہتمام 30جولائی کو دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں ’’ دستور بچاؤ ملک بناؤ‘‘ عنوان پر ایک روزہ قومی کنونشن منعقد کیا جارہا ہے جس میں تقر یباً سات ہزار مندوبین شرکت کریں گے۔ آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریڑی ڈاکٹر منظور عالم نے آج یہاں اُردو میڈیا کو بتایا کہ تین برس قبل مرکز میں مودی سرکار کے آنے کے بعد ملک میں بحیثیت مجموعی رواداری تحمل وبرداشت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے خلاف جو تشویشنا ک ماحول بن گیا ہے وہ ہندوستان کے دستور کی روح کے منافی ہے اور اس سے اس کی صرف خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ پامالی بھی ہوتی ہے ا س سے خود دستور کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے جس کا کھلم کھلا ثبوت مسلمانوں کے خلاف ہورہے مارپیٹ اور قتل وغارت گری کے واقعات ہیں دیگر اقلیتیں اور دیگر پسماندہ طبقات بھی تشدد کا شکار ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر منظور عالم نے بتایا کہ حالات اتنے سنگین ہوگئے ہیں کہ دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس راجندرسچر کو ابھی حال میں یہاں تک کہنا پڑا کے مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم مستقل بڑتے جارہے ہیں اور اگر ہم نے اسے نہیں روکا اور مسلمانوں سے ’مائینارٹی ٹیگ‘ کو ہٹا دیا تو ہم اقوام متحدہ کے رکن بھی بنے نہیں رہ سکیں گے۔ اسی فکر کے مد نظر ملک کے سبھی انصاف پسندوں کو ساتھ لے کر آل انڈیا ملی کونسل نے ایک بڑے قومی کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ جس میں مختلف مذاہب کے پیشوا، دانشوران ملک وملت ، قومی ملی اور فلاحی تنظیموں وجماعتوں کی سر برآرودی شخصیات نیزجمہوری وآئینی اقدار اور انسانی حقوق کی مسلسل جنگ لڑنے والے لوگوں کو ساتھ لے کر متحدہ احتجاج بلند کیا جائے گا نیز متحدہ لائحہ عمل کو بروئے کارلا کر ایسا عملی منصوبہ بنایا جائے گا۔ جس سے کہ اس ملک کے دستور کو ہر حال میں تحفظ فراہم ہوسکے اور اس پر منڈلاتے خطرات کا ازالہ کیا جاسکے۔ ڈاکٹر منظور عالم نے بتایا کہ ہمارے ملک کا دستور انصاف، مساوات آزادی اور بھائی چارگی کی بنیاد پر بنا ہے۔ آج دستور میں تبدیلی کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے آج منواد کو پروان چڑھا نے کی باتیں ہورہی ہیں جس سے مساوات اور برابری ختم ہوجائے گی۔ اور اعلی ذات والوں کو حکومت کا اختیار مل جائے گا، دولت چند مٹھی بھر لوگوں کے ہاتھوں میں آجائے گی اور غربیوں کو جینے کا حق ختم ہوجائے گا۔ ڈاکٹر منظور عالم نے بتایا کہ آج ملک میں آریس یس کے اشارے پر حکومت چل رہی ہے گذشتہ تین سال کے عرصہ میں جتنے بھی گورنر بننے ہیں وہ سب آریس یس کے حامی رہے ہیں ، مرکزی وزراء بھی آریس یس کے پرورش کردہ ہیں غرض دستور کی روح کھینچی جارہی ہے۔ڈاکٹر منظور عالم نے بتایا کہ ملک کے ان سنگین حالات میں ملک کے تمام لوگوں کو فکر مند ہونا ہے اور ایک مشترکہ مہم چلانے کی ضرورت ہے انہوں نے بتایا کہ آل انڈیا ملی کونسل نے پہل کی ہے اور دہلی کے کنونشن کیلئے 14 غیر مسلم تنظیموں نے حمایت کی ہے اور اس کے ذمہ دار شرکت کررہے ہیں کنونشن میں تقر یباً 50فیصد مقررین بھی غیر مسلم ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مسئلہ ہندتوا کا نہیں منواد کا ہے بہت سارے ہندوبھائی انصاف پسند ہیں وہ بھی آج کے حالات سے فکر مند ہیں۔