ریاست میں جون میں سخت کووڈ اقدامات کئے جائیں گے۔بومئی
04:41AM Sun 30 May, 2021
بنگلورو۔29/مئی ،2021(سالارنیوز) ریاستی وزیر برائے داخلہ امور بسوراج بومئی نے آج بروز ہفتہ اشارہ دیا کہ کووڈ پر قابو پانے مکمل ماہ جون میں سخت اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا دیہی علاقوں میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور متاثرین کی تعدادمیں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔اس لئے دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
بومئی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے کووڈ سے نمٹنے کے لئے مناسب گائیڈ لائنس جاری کئے ہیں جس میں کہاگیا ہے کہ کووڈ پر قابو پانے 30جون تک بھی سخت اقدامات کئے جانے چاہئیں۔انہوں نے بتایا کہ اگلے ماہ جون میں سخت اقدامات کس طرح نافذ کرنے چاہئیں، کن سرگرمیوں کی اجازت دینی چاہئے یا کن سرگرمیوں کی اجازت نہیں دینی چاہئے اس کا فیصلہ وزیراعلیٰ ایڈی یورپا، وزراء کا اجلاس منعقد کرنے کے بعد کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کرناٹک میں لاک ڈاؤن 7جون کو ختم ہوگا۔اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، اس پر ہم پابند ہیں۔لیکن اس کے بعد بھی سخت اقدامات جاری رہیں گے۔بومئی نے بتایا کہ رات میں کورونا کی مثبت شرح میں کمی نہیں ہورہی ہے۔اس وقت کورونا پازیٹیو کی شرح 16تا 17 فیصد ہے۔یہ شرح 10فیصد سے بھی کم ہونی چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں اب بھی کورونا متاثرین کی تعداد 22تا 23ہزار ہے۔یہ شرح 10ہزار سے کم ہونی چاہئے۔اموات کی شرح بھی کم ہونی چاہئے تاکہ ہمارا ہیلتھ انفراسٹرکچر سنبھال سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کل جمعہ کے دن کورونا کے 22,823تازہ معاملے سامنے آئے ہیں۔ ریاست میں 3.72لاکھ مثبت معاملے ہیں جن میں بنگلور میں 1.80لاکھ مثبت معاملے ہیں۔