راجیہ سبھا کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی
03:50PM Fri 16 Dec, 2016
نئی دہلی۔(بھٹکلی نیوز) نوٹوں کی منسوخی کے معاملے پر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے 18 دن تک کام کاج ٹھپ رہنے کے بعد آج راجیہ سبھا کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آخری دن ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر چیئرمین حامد انصاری نے معمول کے کام کاج نمٹانے کے بعد راجیہ سبھا کے 241 ویں سیشن کے اختتام کا اعلان کیا۔ 16 نومبر سے شروع ہوئے اس اجلاس میں صرف معذور افراد کی فلاح و بہبود کابل 2016 ہی منظور ہو سکا اور صرف دو دن تحریک التوا پر نوٹ بندي پر بحث کی گئی۔ مسٹر انصاری نے راجیہ سبھا کے سابق رکن وی راماناتھن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرنے کے بعد متعلقہ وزراء کو ایوان میں دستاویزات پیش کرنے کو کہا۔ اس کے بعد انھوں نے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا اور قومی گیت 'وندے ماترم' کی دھن کے ساتھ یہ اجلاس ختم ہو گیا۔اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، ایوان کے لیڈر ارون جیٹلی اور اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد سمیت تمام اہم افراد موجود تھے ۔