BJP Calls for Massive Protest in Bhatkal on May 29 Over ‘Murin Katte’ Demolition Issue
06:08PM Thu 28 May, 2026
بھٹکل: 28 مئی ، 2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) قومی شاہراہ 66 کے قریب واقع متنازعہ ’مورین کٹے‘ کے لیے تعمیر ہورہے ڈھانچے کو ہٹائے جانے کے معاملے نے بھٹکل میں سیاسی اور سماجی ماحول کو مزید گرما دیا ہے۔ اسی سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کل 29 مئی کو بھٹکل میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پارٹی قائدین نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کارروائی نے ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچایا ہے۔ بی جے پی رہنماؤں نے کہا ہے کہ یہ احتجاج عوامی جذبات کی ترجمانی کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں بی جے پی کارکنان سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد شرکت کرنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ’مورین کٹے‘ معاملے کے بعد ضلع انتظامیہ اور پولیس حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ شہر بھر میں پولس کا سخت بندو بست کیا گیا اور شہر کے حساس علاقوں میں اضافی پولیس فورس بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جاسکے۔
بی جے پی کے مقامی قائدین نے کہا کہ احتجاج پُرامن ہوگا، تاہم انہوں نے انتظامیہ پر جانبداری کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اگر عوامی مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو آئندہ دنوں میں مزید سخت احتجاجی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
ادھر پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد شیئر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ آج بھٹکل میں عیدالاضحیٰ کا پہلا دن تھا جس میں مسلمانوں نے جمعہ اور جامع مساجد میں دوگانہ ادا کرنے کے بعد پر امن طور پر اللہ کے حضور جانوروں کی قربانی پیش کی۔