عوامی شکایات پرسنجیدگی سے غورکرنے افسران کو ہدایت جاری
11:50AM Sat 28 Jul, 2018
کولار 28جولائی(سالارنیوز)اینٹی کرپشن بیورو ( اے سی بی) کی جانب سے یہاں تعلقہ پنچایت ہا ل میں عوامی شکایات وصول کرنے کاپروگرام منعقد کیاگیاجس میں بھاری تعداد میں شکایات درج کئے گئے، اے سی بی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رگھوکمار کی قیادت میں منعقد اجلاس میں اکثر کسانوں نے زمینات کے کھاتے بنانے میں تاخیر کی شکایت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رگھوکمار نے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل وشکایات پرسنجیدگی سے کارروائی کریں اور عوام کے اعتماد کو بحال کریں۔ انہوں نے افسران کو خبردار کیا کہ سرکاری دفاتر میں کسی بھی طرح کی بدعنوانی یابے قاعدگی وہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے اگرفرض میں کوتاہی کے تعلق سے عوام سے شکایت ملی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایاکہ رامپا نامی ایک شخص نے کھاتہ بنانے کے لئے محکمہ محصولات کودوماہ قبل عرضی دائر کی ہے لیکن ابھی تک اسے کوئی جواب نہیں ملاہے، رگھوکمار نے بتایاکہ ایک بزرگ شخص کوکھاتہ بنانے کے لئے دوماہ سے چکر کاٹنے پر مجبور کیاجارہاہے اس کے ذمہ دار کون ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رعیت سنگھا کے ضلع کنوینر کے سرینواس گوڈا نے کہاکہ ولیج اکاؤنٹنٹ اورانسپکٹر وقت پر بزرگوں ،بیواؤں اورمعذورین کے وظائف جاری نہیں کرتے۔ انہوں نے الزام لگایاکہ مذکورہ افسران پنشن جاری کرنے کے لئے رشوت طلب کرتے ہیں اوربلاوجہ سرکاری کاموں میں تاخیر کرتے ہیں۔انہوں نے الزام لگایاکہ تالابوں کے ڈی نوٹی فکیشن کے بغیرنجی افراد کو کھاتہ بناکر دیاجارہاہے اس سلسلہ میں دستاویزات کے ساتھ محکمہ کوشکایت کرنے کے باوجود کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ کے آررمیش کمار کی وزارت کے دوران ضلع میں شراب کی فروخت پرپابندی سختی کے ساتھ لاگوتھی لیکن اب دیہی علاقوں میں دوبارہ کھلے عام شراب کی فروخت جاری رہنے کاالزام لگایاگیا ۔ اس سلسلہ میں محکمہ ایکسائز کے افسر گووندیا نے بتایاکہ انہوں نے ابھی چارج سنبھالا ہے گزشتہ تین ماہ کے تمام دستاویزات کاجائزہ لینے کے بعد قانون کے دائرہ میں رہ کر کارروائی کی جائے گی۔ رعیت سنگھا کے ریاستی نائب صدرکے نارائن گوڈا نے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایاکہ ضلع میں اکثر نجی تعلیمی ادارے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے والدین سے زیادہ رقم وصول کررہے ہیں۔ گاندھی نگر کے رینوکا پرساد نامی شخص نے شکایت کی کہ محکمہ زراعت کے جوائنٹ ڈائرکٹر کے دفتر کے احاطہ میں موجود درختوں کو کاٹنے غیرقانونی طورپر ٹنڈر طلب کیاگیاہے اسے رد کیاجائے۔ ڈی وائی ایس پی رگھوکمارنے کہاکہ کوئی بھی شکایت ہوتحریرکی شکل میں دی جائے اگرضروری دستاویزات ہوں اور شکایات میں سچائی ہوتو ضرورکارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر سب انسپکٹر رنگا سوامی، تعلقہ پنچایت سی ای او منجوناتھ، ڈپٹی تحصیلدار ناگ وینی، ودیگر موجود رہے۔