پانچ ڈرائیوراور دوکنڈکٹر معطل
04:53PM Thu 6 Jul, 2017
کستری گپے ڈپو کے ملازمین نے اچانک ہڑتال شروع کردی
بنگلور (بھٹکلیس نیوز ): ):۔ بنگلورمیٹرو پالٹن ٹرانسپورٹ سرویس ( بی ایم ٹی سی ) کے ملازمین نے کستری گپے بس ڈپومیں اچانک ہڑتال شروع کردی اور معطل کئے گئے پانچ ڈرائیوروں اور دو کنڈکٹروں کوملازمت پر بحال کرنے کی مانگ کی۔ اچانک بسوں کی سرویس بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقعہ پر بی ایم ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر پرویزانجم نے موقعہ واردات پر پہنچ کر دھرنا دے رہے ملازمین سے ملاقات کی اور دھرنا دینے کی وجہ پوچھی۔ ملازمین نے بتایا کہ اعلی ٰ افسران نے بنا کوئی نوٹس جاری کئے ملازمت سے معطل کیا گیا ہے اور ان کی کیا غلطی ہے ۔اس بارے میں تفصیلات بھی بتانے سے صاف انکار کیا ہے جب تک انصاف نہیں ملتا دھرنا جاری رہیگا۔ملازمین نے شکایت کی کہ ملازمین کو جان بوجھ کر ہراساں کیا جاتا ہے او رکئی ملازمین بیمار پڑنے پربھی چھٹی نہیں دی جاتی اور چھٹی دینے کے لئے افسران کو رشوت دینی پڑتی ہے اور جب تک افسران کو رشوت نہیں دی جاتی وہ کئی طرح کے ظلم کرتے ہیں ۔ایک ہی شفٹ میں ملازمین کو کام کرنا پڑتا ہے ۔جبکہ ملازمین اپنی سہولت کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں ۔چند ڈرائیورس اور کنڈکٹرس اپنے خاندانوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں ۔ اس لئے وہ دوپہر اور رات کے وقت کام کرنا چاہتے ہیں اس کیلئے بھی افسران کو رشوت دینی پڑتی ہے۔تمام ڈپو کے ملازمین کے ساتھ کسی نہ کسی طرح کے ظلم ڈھائے جاتے ہیں ۔افسران نے بتایا کہ کئی ملازمین اپنی من مانی کرتے ہیں اور بی ایم ٹی سی کے گروڈا وجلنس اسکواڈ کی جانب سے کئی بسوں کو روک کر جانچ کی جاتی ہے تو کنڈکٹروں کے ذریعہ مسافروں کوٹکٹ نہیں دیا جاتا اور رقم لیکر اپنے ذاتی کاموں کے لئے خرچ کرتے ہیں اسی طرح بی ایم ٹی سی کو کئی دنوں سے نقصان پہنچا رہے تھے۔اس لئے ملازمین کے خلاف کاروائی کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہتا۔اچانک ملازمین کو معطل نہیں کیا جاتا۔ دو مرتبہ نوٹس جاری کی جاتی ہے اور اس کے بعد ہی پوچھ تاچھ کیلئے حاضر نہ ہونے پر ملاز مت سے معطل کر دیا جاتا ہے ۔