Bhatkal’s Anjuman and Shams PU College Teams Excel at Robotics Competition in Bengaluru; Shams Students Reach the Semi-Finals
07:15PM Sun 22 Nov, 2026
بھٹکل (بھٹکلیس نیوز بیورو): بنگلورو میں نیشنل روبوٹکس لیگ (National Robotics League) کے زیرِ اہتمام ایمیزون ڈیولپمنٹ سینٹر میں منعقدہ ریجنل سطح کے روبوٹکس مقابلوں میں بھٹکل کے انجمن پری یونیورسٹی کالج اور شمس پری یونیورسٹی کالج بوائز کی تین ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین خصوصی ایوارڈز اپنے نام کیے۔ ان میں شمس پی یو کالج کی ٹیم نے روبوٹ ڈرائیونگ کے مقابلے میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا بھی لوہا منوایا۔
شمس پری یونیورسٹی کالج بوائز کی ٹیم کو مقابلے میں بہترین کارکردگی، اختراعی خیالات اور ٹیم ورک کے اعتراف میں’انفلوئن اسٹار ایوارڈ‘ (Influenstar Award) سے نوازا گیا۔ ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ اس کے باوجود طلبہ نے اپنی محنت، مستقل مزاجی اور تخلیقی صلاحیتوں سے منتظمین اور شرکاء کی توجہ حاصل کی۔
دوسری جانب انجمن پری یونیورسٹی کالج بھٹکل کی ٹیم’ٹارک کریو‘ (Torque Crew) نے روبوٹکس کی تعلیم کو اسکولی طلبہ تک پہنچانے اور ان میں جدید ٹیکنالوجی کے تئیں دلچسپی پیدا کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں ’کمیونٹی چیمپئنز ایوارڈ‘ (Community Champions Award) حاصل کیا۔
اسی طرح انجمن پری یونیورسٹی کالج کی ایک اور ٹیم ’ایپیکسیون‘ (Apexion) نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ’برانڈ بلڈرز ایوارڈ‘ (Brand Builders Award) حاصل کیا اور ادارے کا نام روشن کیا۔
بنگلورو میں منعقدہ ان مقابلوں میں بھٹکل کے طلبہ کی یہ کامیابیاں نہ صرف ان کی فنی مہارت، تخلیقی سوچ اور ٹیم ورک کا ثبوت ہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ان کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور صلاحیتوں کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔
بھٹکلیس نیوز بیورو ان تمام کامیاب ٹیموں، ان کے اساتذہ اور رہنماؤں کو مبارکباد پیش کرتا ہے اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔