Bhatkal Police on high alert after ‘Murin Katte’ dispute; Public urged to stay peaceful and Ignore rumours
09:30PM Mon 25 May, 2026
بھٹکل: 25 مئی،2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں گزشتہ شب مورین کٹے سے متصل تعمیر ہورہی دیواروں کو لے کر شہر میں کچھ دیر کے لیے حالات کشیدہ ہوگئے تھے جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے مورچہ سنبھالتے ہوئے حالات کو قابو میں کر لیا تھا اور شہر بھر میں دفعہ 144 کے تحت اگلے 48 گھنٹوں کے لیے امتناعی احکامات لاگو کیے گئے تھے۔
اسی کے چلتے آج اس تعلق سے میڈٰیا کے سامنے اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے اترکینرا ضلع کے ایس پی دیپک ایم این نے کہا ہے کہ اصل مورین کٹے ڈھانچہ اپنی جگہ پر بالکل محفوظ ہے اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا ہے۔
ضلعی ایس پی کے مطابق شاہراہ کی توسیع کے دوران قومی شاہراہ کے درمیان موجود اس ڈھانچے کی وجہ سے ٹریفک مسائل اور حادثات کا خطرہ تھا، اسی لیے قریبی سرکاری زمین پر ایک نیا چھوٹا پلیٹ فارم بنایا جا رہا تھا تاکہ مستقبل میں وہاں منتقلی کی جا سکے۔
ایس پی کے مطابق 24 مئی کو اس پلیٹ فارم کی تعمیر شروع ہوئی، لیکن شام میں ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔ مشتعل افراد نے نئے بنائے گئے پلیٹ فارم کو نقصان پہنچایا، جبکہ اصل مورین کٹے کو کچھ نہیں ہوا۔
پولیس نے اس معاملے میں چار الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں، جن میں پولیس پر حملہ، ہائی وے پر رکاوٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو جمع کرنے جیسے الزامات شامل ہیں اور اس تعلق سے گرفتاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔
ایس پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور امن و امان کو برقرار رکھیں، قانون کو اپنے ہاتھ میں لیے بغیر کسی بھی ناگہانی صورتحال پر پولس کو بروقت اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ بھٹکل میں امن و امان بحال رکھنے کے لیے ضلع اتر کینرا سمیت ضلع دکشن کینرا اور اڈپی وغیرہ سے بھی زائد فورس لائی گئی ہے اور کچھ خاص پولس دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔