Bhatkal Hosts Special Media Meet; Speakers Stress Positive Media Use and Cooperation

09:13PM Wed 10 Jun, 2026

بھٹکل، 10 جون :(بھٹکلیس نیوز بیورو) رابطہ سوسائٹی آفس بھٹکل میں بروز منگل بعد نماز عشاء بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری کی دعوت پر میڈیا اور سوشل میڈیا سے وابستہ افراد سے تبادلہ خیال کے لیے ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی۔ اس نشست میں شہر کے مختلف اخبارات، ویب سائٹس، یوٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

نشست کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد شرکاء نے اپنے اپنے اداروں اور خدمات کا مختصر تعارف پیش کیا۔

اس موقع پر جناب عتیق الرحمن منیری نے میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں کسی بھی پیغام کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے میں میڈیا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے وابستہ افراد کے درمیان باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس نوعیت کی ملاقاتوں کا مقصد مختلف پلیٹ فارمز کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور مشترکہ مفاد کے لیے کام کرنے کی راہیں ہموار کرنا ہے، انہوں نے اس موقع پر مقامی میڈیا کی سرگرمیوں کو بھی سراہا اور انہیں اسی طرح ۤپس میں مل کر کام کرنے کی ترغیب دی۔

فکروخبر کے ایڈیٹر اِن چیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے اپنے خطاب میں میڈیا کی اہمیت، اس کے مثبت استعمال اور عصرِ حاضر میں اس کی ناگزیر افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے سیرتِ نبوی ﷺ کی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں مؤثر ذرائع ابلاغ کو دعوت، اصلاح اور خیر کے فروغ کے لیے استعمال کیا گیا ہے، لہٰذا آج کے جدید ذرائع کو بھی مثبت مقاصد کے لیے بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو مختلف زبانوں میں مہارت حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں عالمی سطح پر مؤثر ابلاغ کے لیے زبانوں کا علم بے حد ضروری ہے۔

علاوہ ازیں اس نشست سے مولانا مفتی عبدالنور فکردے ندوی، سینئر صحافی ڈاکٹر حنیف شباب اور بھٹکل نیوز کے ایڈیٹر جناب عتیق الرحمن شاہ بندری نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے میڈیا کو شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے اصلاحِ معاشرہ اور مثبت تبدیلی کا مؤثر ذریعہ بنانے پر زور دیا۔

اس موقع پر پچاس سالہ صحافتی خدمات انجام دینے والے نقشِ نوائط کے مالک مولانا عبدالعلیم قاسمی اور بھٹکلیس کے بانی جناب محسن شاہ بندری المعروف "کمپیوٹر محسن" کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ نقش نوائط مقامی نوائطی زبان میں پچاس سال سے باقاعدگی کے ساتھ شائع ہورہا ہے جبکہ بھٹکلیس ڈاٹ کوم اپنے ویب سائٹ اور یوٹیوب پر گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے، جس کے تعلق سے خود محسن شابندری صاحب نے بتایا کہ ان کی ویب سائٹ پر 1945ء سے شہر کے متعدد ممتاز علماء، دانشوروں اور اہم شخصیات کی نایاب صوتی ریکارڈنگز محفوظ ہیں، جو ایک قیمتی تاریخی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں مولانا عبدالمتین منیری کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ کسی بھی بڑے کام کے لیے عزم، حوصلہ اور مستقل مزاجی بنیادی شرط ہے، جس کے بعد اللہ تعالیٰ کامیابی کے راستے آسان فرما دیتا ہے۔

نشست خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے میڈیا اور سوشل میڈیا کے میدان میں باہمی تعاون، مثبت رابطے اور اجتماعی مفاد کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔