Bhatkal faces dry spell; Water inflow into Kadavinakatte dam declines sharply
04:48PM Wed 14 Oct, 2026
بھٹکل: 14 اکتوبر، 2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کرناٹک کے ساحلی ضلع اُتر کنڑا کا بھٹکل جو شدید مانسون بارشوں کے لیے مشہور ہے، یہ اس سال غیر معمولی طور پر خشک موسم کا سامنا کر رہا ہے۔ بارش میں نمایاں کمی کے باعث قریبی کڈوین کٹے ڈیم میں جمع ہونے والے پانی کی مقدار میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔ جس سے پینے کے پانی، زراعت اور مویشیوں کے لیے پانی کی دستیابی پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
بھٹکل کو اکثر ’’کرناٹک کا چراپونجی‘‘ کہا جاتا ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران یہاں سالانہ تقریباً 5,000 سے 5,500 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم اس سال بارش کی مقدار اس سطح کے نصف تک پہنچنے کی بھی امید کم ہے، حالانکہ مانسون کا موسم اپنے اختتام کے قریب ہے۔ علاقے میں سالانہ بارش کا معمول 4,152.3 ملی میٹر ہے، لیکن بقیہ مانسون کی بارشوں کے باوجود اس ہدف کا حصول بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
کڈوین کٹے ڈیم جو بھٹکل کے ایک بڑے حصے کو پانی فراہم کرتا ہے اس میں پانی کی آمد میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ ندی نالوں کے کنارے موجود باغات بھی متاثر ہونے لگے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، باغات کو پانی فراہم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر پمپوں کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے بھٹکل شہر اور آس پاس کے علاقوں میں پانی کی قلت کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
بارش کی کمی نے دھان کی کاشت کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بھٹکل تعلقہ میں تقریباً 2,000 سے 2,500 ہیکٹر اراضی پر دھان کی کاشت کی گئی ہے، جس کا بڑا حصہ بارش پر منحصر ہے۔ کھیتوں میں پانی کی کمی اور درجۂ حرارت میں اضافے کے باعث دھان کے نئے پودے مرجھانے کے خطرے سے دوچار ہیں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں کھیتی مکمل طور پر بارش پر منحصر ہے۔
اس کے علاوہ بارش کی کمی سے گھاس اور دیگر سبزہ بھی متاثر ہو رہا ہے، جس کے باعث کسانوں کو آنے والے مہینوں میں مویشیوں کے چارے کی دستیابی کے بارے میں تشویش لاحق ہے۔ چراگاہیں خشک ہونے کی صورت میں بعض مویشیوں کو سبز چارے کی تلاش میں مغربی گھاٹ کے علاقوں کی طرف منتقل کرنا پڑ سکتا ہے۔
بارش کی کمی اب صرف زراعت کا مسئلہ نہیں رہی، بلکہ پینے کے پانی، باغات، دھان کی فصل اور مویشیوں کے چارے کی فراہمی کے لیے بھی ایک سنگین چیلنج بنتی جا رہی ہے۔ اس کے لیے انتظامیہ اور عوامی فلاحی اداروں کو ایک ٹھوس منصوبہ تیار کرنا پڑے گا جس سے آنے والے دنوں میں پانی کی فراہیمی کو یقینی بنایا جا سکے۔