Bhatkal celebrates 80th Independence Day
07:56PM Sat 15 Aug, 2026
بھٹکل: 15 اگست،2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر آج بھٹکل کا شہر بھی حب الوطنی کے رنگ میں رنگا نظر آیا۔ صبح سے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں اور چھوٹے چھوٹے بچوں کے ہاتھوں میں قومی پرچم دکھائی دیے جبکہ تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر، اسپورٹس کلب اور سماجی و ملی تنظیموں کی جانب سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
بھٹکل کے نوائط کالونی میں واقع تعلقہ میدان (وائی ایم ایس اے گراؤنڈ) میں عوام کے لیے یوم آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں اسسٹنٹ کمشنر جے مہیش نے قومی پرچم لہراتے ہوئے اسے سلامی دی جس کے بعد پولس اہلکاروں سمیت اسکول و کالجس کے طلبہ نے خوبصورت مارچ پاسٹ کا اہتمام کرتے ہوئے وطن کے تئیں اپنی محبت اور جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں رکن اسمبلی مسٹر منکال ویدیا نے بھی شرکت کی۔
اس کے علاوہ سٹی میونسپل کونسل کے دفتر میں میونسپل کمشنر بابا صاحب مانے نے پرچم کشائی کی۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں مولانا عبدالعلیم قاسمی نے ترنگا لہرایا اور مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل میں صدر عنایت اللہ شابندری نے قومی پرچم لہرایا۔ انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے زیرِ انتظام آئی اے یو ایچ ایس میدان میں مشترکہ یومِ آزادی تقریب منعقد ہوئی، جہاں انجمن کے صدر یونس قاضیا نے پرچم کشائی کی۔
تعلیمی اداروں میں بھی آزادی کا جشن روایتی جوش کے ساتھ منایا گیا۔ علی پبلک اسکول و پی یو کالج میں مولانا تنویر جوشیدی ندوی، شمس اسکول و پی یو کالج میں مزمل رکن الدین (سی اے) جبکہ انجمن پی یو کالج میں کالج بورڈ کے سکریٹری فیاض کولا نے قومی پرچم لہرایا۔ انجمن بوائز ہائی اسکول میں ہیڈ ماسٹر عبداللہ عمر رکن الدین کی نگرانی میں یومِ آزادی کی تقریب منعقد ہوئی۔
یومِ آزادی کا رنگ صرف تعلیمی اداروں تک محدود نہیں رہا بلکہ سرکاری دفاتر، پولیس محکمہ، اسسٹنٹ کمشنر دفتر، محکمہ جنگلات، ٹیکسی و آٹو یونینوں، کھیل مراکز اور مختلف سماجی تنظیموں نے بھی تقریبات کا اہتمام کیا۔