توجہ دیں : اگر آپ ان یونیورسٹیوں میں ہیں زیر تعلیم ، تو آپ کا کیرئیر ہوجائے گا تباہ

01:55PM Wed 25 Apr, 2018

نئی دہلی : یونیورسٹی گرانٹس کمیشن ( یو جی سی ) نے ملک بھر میں فرضی یونیورسٹیوں کی ایک فہرست جاری کی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یونیورسٹی نے طلبہ کیلئے بھی ایک وارننگ جاری کی ہے کہ طلبہ کسی بھی فرضی یونیورسٹیوں کے دھوکہ میں نہ آئیں۔ یو جی سی کی اس فہرست میں کل 24 فرضی یونیورسیٹیوں کے نام شامل ہیں۔ خیال رہے کہ یوجی سی ہر سال بارہویں کے نتائج آنے کے بعد اس طرح کی ایک فہرست جاری کرتا ہے۔ فرضی یونیورسٹیوں کی اس فہرست میں آٹھ یونیورسٹیاں دہلی اور این سی آر کی ہیں ۔ یو جی سی کا کہنا ہے کہ 12 ویں پاس کرکے طلبہ انڈر گریجویٹ کورسوں میں داخلہ لینا شروع کریں گے ، لیکن اگر یونیورسٹی فرضی نکلتی ہے تو ایسے میں انہیں کافی نقصان ہوگا ، جس کے پیش نظر طلبہ کو خبر دار کرنے کیلئے یو جی سی تعلیمی سال کی شروعات میں ہی فرضی یونیورسٹیوں کے نام عام کردیتی ہے۔ کمیشن کے ذریعہ ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹیوں اور عام لوگوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ فی الحال ملک کے مختلف حصوں میں 24 خود ساختہ اور نان رجسٹرڈ ادارے یو جی سی ایکٹ کی خلاف ورزی کرکے چل رہے ہیں۔ یو جی سی کے مطابق ان یونیورسٹیوں کو فرضی بتایا گیا ہے اور انہیں ڈگری دینے کا کوئی حق نہیں ہے۔ یہ فرضی یونیورسیٹیاں ملک کے ہر حصہ میں پھیلی ہوئی ہیں۔ یو جی سی نے ان طلبہ کو بھی خبر دار کیا ہے جو اس وقت گریجویشن کررہے ہیں۔ یو جی سی کا کہنا ہے کہ طلبہ کو داخلہ سے پہلے یونیورسٹی کے بارے میں جانچ پڑتال کرلینی چاہئے۔ ایسی فرضی یونیورسیٹیوں کی فہرست یو جی سی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی گئی ہے۔ یہ ہیں فرضی یونیورسٹیاں کمرشیل یونیورسٹی لمیٹڈ ، دہلی یونائٹیڈ نیشنز یونیورسٹی ، دہلی ووکیشنل یونیورسٹی ، دہلی اے ڈی آر -سینٹرک جیوریڈیکل یونیورسٹی ، نئی دہلی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایند انجینئرنگ ، نئی دہلی وشو کرما اوپن یونیورسٹی فار سیلف امپلائمنٹ روزگار سیواسدن ، نئی دہلی آدھیاتمک وشو ودیالیہ ، نئی دہلی بڈاگانوی سرکار ورلڈ اوپن یونیورسٹی ایجوکیشن سوسائٹی ، بیلگام سینٹ جان یونیورسٹی ، کیرالہ راجا عربک یونیورسٹی ، ناگپور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف الٹرنیٹو میڈیسن ، کولکاتہ انسٹی ٹیوٹ آف الٹرنیٹو میڈیسن اینڈ ریسرچ ، کولکاتہ مہلا گرام ودیا پیٹھ / وشوودیالیہ، الہ آباد میتھلی وشو ودیالیہ / یونیورسٹی ، دربھنگہ، بہار وارانسئے سنسکرت وشوودیالیہ ، وارانسی ، اترپردیش گاندھی ہندی ودیاپیٹھ ، الہ آباد نیشنل یونیورسٹی آف الیکٹرو کامپلیکس ہومیوپیتھی ، کانپور نیتا جی سبھا چندر بوس یونیورسٹی علی گڑھ اترپردیش وشوودیالیہ ، متھرا مہارانا پرتاپ شکشا نکیتن وشوودیالیہ ، پرتاپ گڑھ اندر پرستھ شکشا پریشد ، انسٹی ٹیوشنل ایریا ، نوئیڈا نو بھارت شکشا پریشا ، اننیہ پورنا بھون ، راور قلع نارتھ اوڑیسہ یونیورسٹی آف اگریکلچر اینڈ ٹیکنالوجی ، اڑیسہ سری بودھی اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن ، پوڈیچری ۔