سری لنکا حکومت نے مسجد کے ٹرسٹیوں کو دی سخت وارننگ ، کہا : یہ کام کیا تو ہوگی سخت کارروائی
09:36AM Sat 11 May, 2019
سری لنکا کی حکومت نے جمعہ کو ملک کی سبھی مساجد کے ٹرسٹیوں کو وارننگ دے کر کہا ہے کہ نفرت کی تشہیر کو فروغ دینے والی میٹنگوں میں نہ تو جائیں اور نہ ہی ان کو منظوری دیں۔ ساتھ ہی حکومت نے مذہبی تقریروں کی سبھی ریکارڈنگ افسران کو دستیاب کروانے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ ماہ سری لنکا میں ہوئے دھماکوں میں 250 سے زیادہ افراد کی موت ہوگئی تھی اور 500 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے ۔ اس دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں میں 10 ہندوستانی سمیت 44 غیر ملکی باشندے تھے ۔
غور طلب ہے کہ سری لنکا میں ہوئے سلسلہ وار دھماکوں کے بعد سیکورٹی فورسیز نے ملک بھر میں تلاشی مہم چلائی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران کئی مساجد سے سیکورٹی فورسیز نے تلوار اور دیگر ہتھیار برآمد کئے تھے ، جس کے بعد ہی اب حکومت نے یہ وارننگ جاری کی ہے۔
سری لنکا کی مسلم مذہبی امور کی وزارت کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نفرت کی تشہیر اور شدت پسندی میں ملوث پائے جانے پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی اور انہیں سزا دی جائے گی ۔ اس حکم کو وزیر ایم ایچ حلیم نے جاری کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ حکم جاری کیا جاتا ہے۔ مسجدوں میں ہونے والی جمعہ کی نماز اور مذہبی تقریروں کو ریکارڈ کرکے حکومت کو دستیاب کروانا ہوگا۔علاوہ زیں سری لنکا کی عدالت نے دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ کا ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ یہ ٹیسٹ 15 مئی سے پہلے کروایا جائے اور رپورٹ عدالت میں سونپی جائے۔