چھ اضلاع میں اندرا دھنش مہم

01:55PM Wed 3 May, 2017

بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)محکمۂ صحت وخاندانی بہبود کی پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش نے بتایاکہ چوتھے مرحلے میں اندرا دھنش مہم 8 مئی سے چھ اضلاع میں شروع ہوگی۔اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ حاملہ خواتین اور 0 سے دو سال کی عمر کے بچوں کے علاوہ پانچ سے چھ سال کی عمر کے ایسے بچوں کو جنہوں نے ٹیکے مکمل نہیں کئے انہیں ٹیکے دئے جائیں گے۔ 8مئی کو بی بی ایم پی کی بلگاوی ، کلبرگی، وجئے پور، میسور اور ٹمکور اضلاع کو ترجیح دیتے ہوئے مہم جاری ہوگی۔ انہوں نے بتایاکہ حاملہ خواتین کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ٹیکے دئے جائیں گے، جس کیلئے آشا اور آنگن واڑی کارکنوں کو تربیت دی گئی ہے۔ جس کیلئے ریاستی اور ضلعی سطح پر ٹاسک فورس کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ مئی تا اگست چا ر ماہ کے عرصہ میں اس مہم کے تحت بجز چھٹیوں کے ٹیکے لگانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس مہم کو پانچ مرحلوں میں مختلف مقامات جیسے جھونپڑ پٹی اور کارخانوں وغیرہ میں جاری کیا جائے گا۔ 8تا19 مئی حاملہ خواتین اور بچوں کو ٹیکے دینے کامرحلہ مکمل کرلیا جائے گا، جس کیلئے مختلف این جی اوز سے تعاون حاصل کیا گیاہے۔وزیر صحت وخاندانی بہبود کے آر رمیش کمار نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنائیں۔اس موقع پر محکمہ کے کمشنر سبودھ یادو اور مشن ڈائرکٹر رتن کیلکر بھی موجود تھے۔