بھٹکل کے سماجی کارکن نثار رکن الدین پر حملہ ؛ زخمی نثار کو کنداپور روانہ کیا گیا
12:57PM Sun 27 Oct, 2013
بھٹکل کے سماجی کارکن نثار رکن الدین پر حملہ ؛ زخمی نثار کو کنداپور روانہ کیا گیا
بھٹکلیس نیوز / 27 اکتوبر، 13
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) بھٹکل کے سماجی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہنے والے اور اپنی ٹاپ ایمرجینسی ہیلپنگ ایسوسی ایشن کے بناء پر شھر بھر میں مشہور جناب نثار رکن الدین صاحب (ٹاپ) پر آج نامعلوم افراد کی ایک ٹولی نے میونسپالٹی کی عمارت میں واقع ان کے دفتر میں حملہ کردیا ۔ یہ واردات آج عصر کی نماز کے بعد پیش آئی ۔ ذرائع کے مطابق نثار رکن الدین صاحب اپنے دفتر میں بیٹھے تھے کہ چند نامعلوم افراد جن کی ابھی تک شناخت نہیں ہوپائی ہے انہوں نے نثار صاحب پر حملہ کردیا اور ان کے دفتر کی چیزوں کا بھی نقصان کیا ۔ حملہ اتنا شدید تھا کہ پولس کو خود اپنی وین پر ڈال کر نثار صاحب کو سرکاری اسپتال لے جانا پڑا ۔ حملہ کی بناء پر ان کے سر اور چہرے پر گہری چوٹیں آئیں ہیں ۔
بھٹکلیس کے نمائندے نے جب پاس پڑوس کی عوام اور پولس محکمہ سے اس حملہ کی وجہ جاننی چاہی تو الگ الگ باتیں سننے کو ملیں ۔ کسی نے اسے تجارتی دشمنی قرار دی تو کسی نے اسے نجی معاملہ قرار دیا ۔ کیونکہ آج اتوار ہے اور اس کامپلیکس میں تمام دکانیں بند رہتی ہیں اس لئے صحیح صورتحال کو جاننے میں دشواریاں ہو رہی ہیں ۔ لیکن پولس اس سلسلہ میں پیش رفت کر رہی ہے اور اس واردات کے پیچھے چھپی اصل حقیقت کو گھنگالنے میں مصروف ہے ۔