ایشیائی کھیلوں میں ہمارے کھلاڑیوں نے ملک کے مرتبہ اور فخر میں اضافہ کیا: وزیر اعظم
01:50PM Wed 5 Sep, 2018
وزیر اعظم نریندر مودی نے اٹھارہویں ایشیائی کھیلوں میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں سے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پرملاقات کی اور ان کی شاندار کارکردگی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جکارتہ میں پچھلے دنوں اختتام پذیرایشیائی کھیلوں میں ہمارے کھلاڑیوں نے ہندوستان کے مرتبے اور فخر وا نبساط میں اضافہ کیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباددیتے ہوئے ایشیا ئی کھیلوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ہندوستان کے لئے بڑی تعداد میں گولڈ میڈل جیتنے کے لئے ان کھلاڑیوں کی ستائش کی۔ انہوں نے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کھیل کود کے جذبے نے ہندوستان کے مرتبے اورفخروانبساط میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ میڈل جیتنے والے کھلاڑی اپنی شہرت اور عزت افزائی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فن پر مزیدتوجہ مرکوز کریں گے۔
وزیر اعظم نے کھلاڑیوں سے زور دے کر کہا کہ ٹکنالوجی کو اپنی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں اور اتھلیٹس کوٹکنالوجی کی مدد سے کئے جانے والے تجزیہ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنی چاہئے ۔اس کے لئے انہیں دنیا کے چوٹی کے کھَلاڑیوں کی کارکردگی کا بھی تجزیہ کرنا چاہئے۔