پاکستان: آشیانہ کمپنی کیس میں نوازشریف کے بھائی شہبازشریف گرفتار
02:59PM Fri 5 Oct, 2018
لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ - نواز کے صدراورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ یہ گرفتاری آشیانہ کمپنی کیس میں کی گئی ہے۔ نیشنل اسمبلی میں 67 سالہ اپوزیشن لیڈرشہباز شریف سابق وزیراعظم نوازشریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق شہباز شریف کونیب نے آج طلب کیا تھا اوروہ بیان ریکارڈ کرانے لاہورواقع نیب کے دفتر پہنچے تھے، جہاں انہیں پہلے حراست میں لیا گیا اوران کی باضابطہ گرفتاری کے لئے اسپیکرقومی اسمبلی سے بھی رابطہ کیا گیا۔
پاکستان کے قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نوازش علی عاصم نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ "شہباز شریف جمعہ کو نیب، لاہورکی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔ آشیانہ رہائشی منصوبہ اورپنجاب صاف پانی کمپنی کے لئے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی پسند کی کمپنی کو ٹھیکہ دینے میں مبینہ طورپرملوث ہونے کے بارے میں وہ تفتیشی ٹیم کو اطمینان بخش جواب نہیں دے پائے، اس کے بعد انہیں گرفتارکرلیا گیا"۔
نوازش علی عاصم نے بتایا کہ شہبازشریف کی حراست کے مطالبے کے لئے انہیں ایک جوابی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ضابطے کے مطابق قومی اسمبلی کے رکن کی گرفتاری کی صورت میں اسپیکرکواطلاع دی جاتی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب (پاکستان) کو حراست میں لئے جانے کے بعد نیب لاہورکے دفترکے باہرسیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اورپولیس کے ساتھ رینجرزکے دستے بھی نیب دفترکے باہر تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ شہباز شریف کی گرفتاری 14 اکتوبر کوہونے والے ضمنی انتخابات سے چند روزقبل سامنے آئی۔ واضح رہے کہ شہبازشریف، صاف پانی کیس اور 14 ارب روپئے کے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں متعدد باراپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لئے نیب کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔