بالاکوٹ میں دہشت گردوں کی موت پر وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے توڑی خاموشی ، کہا : نہیں بتاسکتے اعداد و شمار

12:33PM Tue 5 Mar, 2019

پاکستان کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کے بعد ائیر چیف مارشل بی ایس دھنوا کے بیان کے بعد اب وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے بھی کہا ہے کہ بالاکوٹ میں مرنے والے دہشت گردوں کی تعداد وہ نہیں بتاسکتی ہیں ۔ یہ پہلا معاملہ ہے جب مودی حکومت کے کسی سینئر وزیر نے اس سلسلہ میں بیان دیا ہے ۔ اس سے پہلے ائیر چیف مارشل نے کہا تھا کہ ہمارا کام ہدف کو نشانہ بنانا تھا ، لاشیں گننا نہیں۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج ہر ناپاک حرکت کا جواب دینے کی طاقت رکھتی ہے ۔
 خیال رہے کہ دو دن پہلے ہی بی جے پی صدر امت شاہ نے دعوی کیا تھا کہ بالاکوٹ میں جیش محمد کے کیمپ پر فضائی حملہ میں کم سے کم 250 دہشت گرد مارے گئے تھے ۔ وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے نامہ نگاروں سے کہا کہ خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے نے فضائی حملہ کا کوئی اعداد وشمار پیش نہیں کیا تھا ۔ انہوں نے صرف حالات کی جانکاری دی تھی ۔
اس سے پہلے ائیر چیف مارشل نے کہا تھا کہ پاکستان کے بالاکوٹ میں ہدف پر نشانہ لگایا ، جو ہمارا کام تھا ۔ ائیر فورس کا کام یہ بتانا نہیں ہے کہ زمین پر کتنے لوگ تھے ۔ ہمارے پاس کتنے لوگ مارے گئے ، اس کی کوئی جانکاری نہیں ہے ۔ کتنے لوگ مارے گئے یہ اس بات پر منحصر ہے کہ اس وقت وہاں کتنے لوگ موجود تھے ۔ ہندوستانی حکومت اس پر زیادہ بہتر طریقہ سے بات کرسکتی ہے ۔