ریاستی بجٹ مسلمانوں کے لیے کافی بہتر ثابت ہوگا: قمر الاسلام

12:58PM Tue 17 Mar, 2015

بھٹکلیس نیوز/17مارچ،15 گلبرگہ(ایجنسی)وزیر اقلیتی بہبود قمر الاسلام نے کہا ہے کہ حال ہی میں وزیراعلی سدارامیا کی جانب سے پیش کردہ ریاستی بجٹ مسلمانوں کے لیے کافی بہتر ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں اقلیتوں کی ہمہ گیر ترقی پر توجہ دی گئی ہے اور اقلیتی طبقے کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے اس بجٹ میں اقلیتی اسکیموں کو اہمیت دی گئی ہے ۔انہوں نے گلبرگہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ میں حیدر آباد کرناٹک علاقہ کے 250گرام پنچایت کتب خانوں کو انفارمیشن سنٹرس میں تبدیل کرنے اور کرناٹک الیکٹریسٹی بورڈکی جانب سے نئے سیلف الیکٹریکل اسکیل لیبارٹریز سنٹرس کے قیام کے لئے اس بجٹ میں اعلان کیا گیا ہے جو ایک اچھا رجحان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں شادی محل کی عمارتوں کے تعمیری کاموں کی تکمیل کے لئے نئے بجٹ میں 60کروڑ روپئے الاٹ کئے گئے ہیں۔ساتھ ہی بنگلورو کی ملا بار مسلم ایسو سی ایشن کی جدید عمارت کے لئے تین کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی موجودہ حکومت اقلیت نواز ہے ۔اقلیتی مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگہ ایر پورٹ کے تعمیری کاموں کو ایر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کو منتقل کرنے اور سیڑم تعلقہ کے ملکھیڑ فورٹ کی ترقی کے لئے پانچ کروڑ روپئے ، گلبرگہ سٹی کارپوریشن کو پچاس کروڑ روپئے نئے بجٹ میں الاٹ کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک ملک کی واحد ایسی ریاست بن جائے گی جہاں اقلیتوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ان کی پسماندگی کے خاتمہ کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں اقلیتوں کو اس بجٹ میں ترقی دی دینے بڑے پیمانے پر رقومات الاٹ کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نئی اسکیموں کو روبہ عمل لانے کے لیے سنجیدہ ہے اور اس مقصد کے لیے حیدرآبادکرناٹک علاقائی ترقیاتی بورڈ کی میٹنگ منعقد کی جائے گی اور اس سلسلہ میں تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس تعلق سے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ انھوں نے بتایا کہ حیدر آباد کرناٹک کے اضلاع کی ترقی کے لئے حیدر آباد کرناٹک علاقائی ترقیاتی بورڈ کو نئے ریاستی بجٹ میں ایک ہزار کروڑ روپیوں کی منظوری دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اقلیتوں کی تعلیم ، صحت اور دیگر اسکیمات کو اولین ترجیح دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے بھی پابند ہے اور اس جانب بھی حکومت اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی وزیراعلی نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے 1000کروڑ روپیوں فراہم کرتے ہوئے اہم کام انجام دیا ہے ۔قمر الاسلام نے کہا کہ وزیراعلی سدارامیا نے کرناٹک کے بجٹ میں اقلیتوں کی ترقی کے لیے جن اسکیمات کا اعلان کیا ہے اس پر موثر طور پر عمل کیا جائے گا۔ ع،ح،خ