وجے مالیہ نے ہندوستان چھوڑنے سے قبل بی جے پی لیڈران سے کی تھی ملاقات- راہل گاندھی
12:59PM Sun 26 Aug, 2018
کانگریس صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز لندن میں بی جے پی پر سنجیدہ الزامات لگائے۔ فرار شراب کاروباری وجے مالیہ پر تنقید کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا،’’ مالیہ نے ہندوستان چھوڑنے سے قبل بی جے پی کے سینئر لیڈران سے ملاقات کی تھی، جس کے دستاویزی ثبوت ہیں۔ پر میں ان کا نام نہیں لوں گا‘‘۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز کی مودی حکومت ہندوستانی بینکوں کے ساتھ فراڈ کرنے والے مالیہ جیسے لوگوں سے سختی سے پیش نہیں آرہی ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ہندوستانی بینکوں کو دھوکہ دینے والے وجے مالیہ، نیرو مودی اور میہل چوکسی جیسے لوگوں کے لئے مودی حکومت ادار ہے۔
کانگریس صدر نے مزید کہا،’’ نیرو مودی، میہل چوکسی اور وزیر اعظم کے درمیان ایک رشتہ ہے۔ ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی ہے‘‘۔ راہل نے کہا، ’ جہاں تک مالیہ کا تعلق ہے، ہندوستانی جیلیں بہت اچھی ہیں۔ تمام ہندوستانیوں کے لئے ایک جیسا قانون ہونا چاہئے‘۔